جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،28ون: جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ اور جے ایم ایم کے راجیہ سبھا ایم پی شیبو سورین کی حالت اس وقت مستحکم ہے۔ شیبو سورین، جو فالج کے حملے میں مبتلا ہیں، نئی دہلی کے سر گنگارام اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ وہ گزشتہ پانچ دنوں سے اسپتال میں داخل ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ شیبو سورین کے علاج کے حوالے سے بیرون ملک کے ماہر ڈاکٹروں سے بھی مشاورت کر رہی ہے۔ وہ آئی سی یو میں ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں۔ جھارکھنڈ کے مختلف حصوں میں شیبو سورین کے مداح ان کی حفاظت کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔ ان کی جلد صحت یابی کے لیے راجدھانی رانچی میں کئی مقامات پر پوجا ارچنا کی گئی۔ جے ایم ایم کے حامیوں نے بھگوان جگن ناتھ مندر میں رسومات ادا کیں۔وہیں نماز جمعہ کے بعد جھارکھنڈ کے مسلمانوں نے شیبو سورین کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کی۔جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے سینئرلیڈر جنید انور نے کہا کہ جھارکھنڈ میں اقلیتیں دیشوم گرو شیبو سورین کی بگڑتی ہوئی صحت سے بہت افسردہ ہیں۔ مسلمانوں نے گروجی کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ جے ایم ایم کےلیڈر جنید انور نے کہا کہ گروجی ہم سب کے سرپرست اور ریاست جھارکھنڈ کے بانی ہیں۔ الگ ریاست کے لیے گروجی کی جدوجہد اور قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔انور نے کہا کہ ریاست کے کئی اضلاع بشمول لاتیہار، پلاموں، گڑھوا، چترا،لوہر دگا، ہزاری باغ، گملا، رانچی، اور مقبروں پر گروجی کی صحتیابی کے لیے دعائیں کی گئیں۔
