کہا: مارواڑی روایات اور راجستھانی ثقافت کو محفوظ کرنے کی ایک اہم کوشش
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،16؍جنوری: گورنر سنتوش کمار گنگوار نے آج مارواڑی بھون، ہرمو روڈ، رانچی میں جھارکھنڈ صوبائی مارواڑی سمیلن اور مارواڑی سہایک سمیتی کے زیر اہتمام منعقدہ سہ روزہ ‘مارواڑ مہوتسو-2026’ کی افتتاحی تقریب میں حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ میلہ محض ایک ثقافتی تقریب نہیں ہے، بلکہ راجستھان اور مارواڑی معاشرے کے بھرپور ثقافتی، سماجی اور روایتی ورثے کو جھارکھنڈ کی پاک سرزمین پر زندہ شکل میں پیش کرنے کی ایک قابل ستائش کوشش ہے۔ اس طرح کی تقریبات ہماری متنوع ثقافتی روایات کے تحفظ اور ترویج میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔گورنر موصوف نے کہا کہ اس میلے کے تحت روایتی لوک رقص، لوک موسیقی، ثقافتی پیشکش، روایتی پکوان، دستکاری کی نمائش اور مختلف مسابقتی سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں، جو سماجی ہم آہنگی، باہمی بھائی چارے اور ثقافتی تنوع کی ایک خوبصورت مثال پیش کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ میلہ معزز وزیر اعظم کے ‘ترقی کے ساتھ وراثت اور ‘ایک بھارت، شریشٹھ بھارت کے جذبے کو عملی جامہ پہناتا ہے۔ بھارت کی سب سے بڑی طاقت اس کی ‘تنوع میں وحدت ہے۔گورنر موصوف نے مارواڑی معاشرے کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خدمت خلق، خدمت کا جذبہ، نظم و ضبط، محنت، دیانتداری اور کاروباری صلاحیتیں اس معاشرے کی مخصوص پہچان رہی ہیں۔ تجارت، صنعت، تعلیم، صحت اور سماجی خدمت کے شعبوں میں مارواڑی معاشرے نے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ معاشرہ جہاں بھی رہا، وہاں کی مقامی ثقافت کے ساتھ گہرا تال میل قائم کیا۔گورنر موصوف نے کہا کہ ان کا تعلق اتر پردیش کے بریلی سے ہے اور وہاں انہوں نے مارواڑی معاشرے کی جانب سے کیے جانے والے سماجی، تعلیمی اور فلاحی کاموں کو قریب سے دیکھا ہے۔ یہ معاشرہ قوم کی تعمیر میں اپنا مثبت کردار مسلسل ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ جھارکھنڈ ریاست ترقی کے میدان میں صف اول میں شامل ہوگی اور اس میں مارواڑی معاشرہ اپنا اہم تعاون دے گا۔پروگرام کے بعد گورنر موصوف نے میلہ گاہ میں لگائے گئے مختلف اسٹالوں کا معائنہ بھی کیا۔
