جدید بھارت نیوز سروس
پلاموں،2؍جنوری: پلاموںپولیس نے گینگسٹر پرنس خان کے شوٹر شاہ رخ علی کو گرفتار کر لیا ہے۔ شاہ رخ علی کے قبضے سے ایک دیسی کٹا اور دو زندہ کارتوس برآمد ہوئے ہیں۔ گرفتار شوٹر پلاموں کے میدنی نگر میں ایک سونا تاجر پر فائرنگ کرنے والاتھا۔ فائرنگ کی یہ سازش کویت میں رچی گئی تھی، جس میں شاہ رخ علی کا بھانجا محمد عاطف بھی شامل ہے۔ پلاموں ایس پی ریشما رمیشن نے اس کی تصدیق کی ہے۔
گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران شاہ رخ کی گرفتاری
دراصل، پلاموں پولیس گاڑیوں کی چیکنگ کی مہم چلا رہی تھی۔ اسی دوران ایک موٹر سائیکل سوار کو روکا گیا۔ پولیس کو دیکھ کر موٹر سائیکل سوار بھاگنے کی فراق میں تھا، لیکن پولیس نے دوڑ کر اسے پکڑ لیا۔ تلاشی کے دوران اس کے پاس سے ایک دیسی کٹا اور گولی برآمد ہوئی۔ موٹر سائیکل سوار نوجوان کی شناخت شاہ رخ علی کے طور پر ہوئی ہے۔ شاہ رخ علی میدنی نگر ٹاؤن تھانہ علاقہ کے پہاڑی محلہ کا رہنے والاہے۔ شاہ رخ نے پولیس کو بتایا ہے کہ وہ پرنس خان کے کہنے پر سونا تاجر رنجیت سونی کی دکان پر فائرنگ کرنے والا تھا۔
تاجر کے ادارے پر فائرنگ کا تھا منصوبہ
واضح رہے کہ پلاموں میں سونا تاجر رنجیت سونی سے گینگسٹر پرنس خان نے ایک کروڑ روپے کی رنگداری (بھتہ) مانگی تھی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 25 دسمبر کو میدنی نگر ٹاؤن تھانہ علاقہ سے پرنس خان کے دو شوٹروں محمد ناظم اور مرتضیٰ انصاری کو گرفتار کیا تھا۔ ان دونوں کی گرفتاری کے بعد پرنس خان نے شاہ رخ سے رابطہ کیا تھا۔ شاہ رخ سونا تاجر رنجیت سونی کے ادارے پر فائرنگ کا واقعہ انجام دینے والا تھا۔
شاہ رخ کے بھانجے عاطف سے پرنس نے کیا تھا رابطہ
پلاموں ایس پی ریشما رمیشن نے بتایا کہ شاہ رخ علی کا بھانجا محمد عاطف کویت میں ہے۔ کویت میں ہی پرنس خان نے عاطف سے رابطہ کیا تھا۔ عاطف کے کہنے پر شاہ رخ نے 30 ہزار روپے میں ہتھیار خریدا تھا۔ سوشل میڈیا پر شاہ رخ اور عاطف نے پرنس خان سے وابستہ پوسٹ بھی شیئر کی تھی۔ پولیس کی پوچھ گچھ میں کئی انکشافات ہوئے ہیں۔ پولیس کی اس کارروائی میں سب انسپکٹر تنزیل المنان منور، نیرج کمار، اننت کمار سنگھ، ٹی او پی 1 (TOP 1) کے انچارج اندر دیو پاسوان سمیت کئی پولیس افسران شامل تھے۔
