آئندہ اسمبلی اجلاس میں دوسرا ضمنی بجٹ اور متعدد بل پیش کیے جائیں گے
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 5 دسمبر:۔جھارکھنڈ اسمبلی کے سرمائی سیشن کے پہلے دن (جمعہ) ان ممتاز شخصیات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے بعد ایوان کی کارروائی ملتوی کر دی گئی، جن کا حال ہی میں انتقال ہوا تھا۔ اب اسمبلی کی کارروائی سوموار کو دوبارہ شروع ہوگی۔ سرمائی اجلاس 11 دسمبر کو ختم ہوگا اور اس عرصے میں پانچ دن اسمبلی کا کام ہوگا۔
سرمائی اجلاس میں دوسرا ضمنی بجٹ پیش کیا جائے گا
اسمبلی اسپیکر رویندر ناتھ مہتو نے کہا کہ سیشن کے دوران مالی سال 2025-26 کے لیے دوسرا ضمنی بجٹ اور چند اہم بل ایوان میں پیش کیے جائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام اراکین اجلاس کے دوران فعال اور مثبت انداز میں حصہ لیں گے، کیونکہ بحث و فیصلے تبھی مؤثر ہوں گے جب وہ عوام کی زندگی میں بہتری لائیں۔
قائدین، سماجی کارکنوں اور فنکاروں کو خراجِ عقیدت
اسپیکر نے بتایا کہ ایوان نے حال ہی میں وفات پانے والے رہنماؤں، فنکاروں، سماجی کارکنوں اور عام شہریوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ بالی ووڈ کے معروف اداکار دھرمیندر، گووردھن اثرانی اور پنکج دھیر کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
دہلی بم دھماکے کے متاثرین کے لیے اظہارِ افسوس
اراکینِ اسمبلی نے دہلی میں لال قلعے کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ اسپیکر مہتو نے سیشن کو خوش اسلوبی سے چلانے کے لیے جمعرات کی شام سربراہانِ جماعت اجلاس (آل پارٹی میٹنگ) طلب کی تھی۔
اجلاس کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی : کشور
اس سربراہانِ جماعت اجلاس میں وزیراعلیٰ ہیمنٹ سورین، قائدِ حزبِ اختلاف بابولال مرانڈی، پارلیمانی امور کے وزیر رادھا کرشن کشور اور دیگر رہنما موجود تھے۔اجلاس کے بعد کشور نے بتایا کہ اتفاقِ رائے سے یہ طے ہوا ہے کہ سیشن کے طے شدہ پروگرام میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
