جدید بھارت نیوز سروس
رام گڑھ،24؍ جنوری: یومِ جمہوریہ کے موقع پر رام گڑھ کے سِدھّو کانہو میدان میں منعقد ہونے والے ضلع سطحی پروگرام کے سلسلے میں سنیچر کے روز آخری مشق (فائنل ریہرسل) کی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر رام گڑھ، فیض احمد ممتاز نے پولیس سپرنٹنڈنٹ اجے کمار کے ساتھ یومِ جمہوریہ کے کامیاب انعقاد کے لیے کی گئی تیاریوں کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ نے پریڈ کا معائنہ کیا جس کے بعد ڈپٹی کمشنر نے پرچم کشائی کی۔ آخری مشق کے دوران کستوربا گاندھی بالیکا رہائشی اسکول اور رادھا گووند سینئرسیکنڈری پبلک اسکول رام گڑھ کے طلبہ و طالبات کی جانب سے بینڈ کی پیشکش کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے یومِ جمہوریہ کے پیشِ نظر آخری مرحلے کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے پروگرام کے شاندار اور کامیاب انعقاد کے لیے ضروری ہدایات دیں۔ یومِ جمہوریہ کی مرکزی تقریب مقامی سِدھّو کانہو میدان میں صبح05:9 بجے شروع ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں صبح45:10 بجے، پولیس سپرنٹنڈنٹ کے دفتر میں صبح50:10 بجے، ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر کے دفتر میں صبح55:10 بجے، سب ڈویژنل آفس میں صبح10:11 بجے، سب ڈویژنل پولیس آفیسر کے دفتر میں صبح 15:11 بجے اور پولیس لائن رام گڑھ میں صبح30:11 بجے پرچم کشائی کی جائے گی۔ اس موقع پر کانفیڈنشیل انچارج رویندر کمار گپتا، پریڈ کمانڈر منٹو یادو، ضلع سطحی افسران اور دیگر افراد موجود تھے۔
