ہومJharkhandدو درجن وزرائے اعلیٰ بھی آ جائیں، تب بھی آپ کا سی...

دو درجن وزرائے اعلیٰ بھی آ جائیں، تب بھی آپ کا سی ایم بھاری پڑے گا

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

ہیمنت سورین نے سومیش سورین کی حمایت میں گھاٹ شلامیں طاقت کا مظاہرہ کیا

جدید بھارت نیوز سروس
گھاٹ شلا، 17 اکتوبر:۔ جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین نے گھاٹ شلا کے سَرکس میدان میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس بار ایسا ووٹ دیا جائے کہ مخالفین کی ضمانت ضبط ہو جائے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ووٹ تقسیم نہ ہونے پائے کیونکہ اتحاد ہی جیت کی کنجی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ الیکشن میں گھاٹ شلا کی عوام نے جے ایم ایم امیدوار رامداس سورین کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا تھا، اور اسی اتحاد کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔
دو درجن وزرائے اعلیٰ بھی آجائیں تو میں بھاری
وزیر اعلیٰ نے بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ مختلف ریاستوں سے ایک درجن وزرائے اعلیٰ گھاٹ شلا میں ڈیرا ڈالے ہوئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر دو درجن بھی آ جائیں، تب بھی آپ کا وزیراعلیٰ ان سب پر بھاری پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مخالفین ’آگ کے گولے‘ پھینکیں گے لیکن ہم ان کے چھکے چھڑانے کو تیار ہیں۔ ایسا چھکا چھڑائیں گے کہ جہاں سے گولہ آئے گا وہ وہاں سے دور چلا جائے گا۔
عوامی طاقت ہی میری طاقت ہے
سی ایم سورین نے کہا کہ عوام کی طاقت ہی ان کی اصل طاقت ہے، اور اسی کے ذریعے وہ فرقہ پرست طاقتوں سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی حکومت نے عوامی بہبود کے کئی اقدامات کیے ہیں، جنہیں وہ جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کا اعتماد ہی اصل جیت ہے۔
رامداس سورین اور شِبو سورین کو خراج
انہوں نے سابق وزیر اور پارٹی رہنما رامداس سورین کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ عجیب اتفاق ہے کہ بابا شِبو سورین کے انتقال کے کچھ ہی دن بعد رامداس جی بھی چل بسے، اور دونوں کا انتقال دہلی میں ہوا۔ اس لمحے کو انہوں نے ایک روحانی اور جذباتی نکتہ نظر سے بیان کیا۔
حکومت کی اسکیموں کا تذکرہ
وزیراعلیٰ نے اپنی تقریر میں ’میّا ںسمّان یوجنا‘ اور ’بجلی بل معافی اسکیم‘ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح ان اسکیموں نے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچایا۔ انہوں نے ’پنڈت رگھوناتھ مرمو قبائلی یونیورسٹی‘ کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ اس کے ساتھ انہوں نے شکوہ کیا کہ لوک سبھا انتخابات سے قبل انہیں بغیر کسی وجہ کے جیل بھیج دیا گیا تھا۔ اس عوامی جلسے میں وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کے ساتھ کانگریس کے ریاستی صدر کیشو مہتو کملیش، جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے سینئر رہنما، مقامی ایم ایل ایز، ضلع سطح کے عہدیدار، اور اتحادی جماعتوں کے سرکردہ لیڈران بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ بڑی تعداد میں جے ایم ایم کارکنان، مقامی عوام، خواتین اور نوجوانوں نے شرکت کی، جس سے جلسہ ایک عوامی طاقت کا مظاہرہ بن گیا۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version