بھاگتے ہوئے بدمعاشوں نے کی فائرنگ ؛ واقعہ سی سی ٹی وی میں قید
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 8 فروری:۔ رانچی میں دن دہاڑے چین اسنیچنگ کی ایک سنسنی خیز واردات سامنے آئی ہے، جہاں خریداری سے واپس لوٹ رہی ایک خاتون نے تنِ تنہا چین چھیننے والے بدماشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب موٹر سائیکل سوار مجرموں نے اچانک خاتون کے گلے سے چین جھپٹ لی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔
جرات مندانہ مقابلہ
متاثرہ خاتون جسی سلوجا نے موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھے ایک بدماش کو پکڑ لیا، جس کے باعث توازن بگڑ گیا اور موٹر سائیکل سڑک پر گر پڑی۔ دونوں بدماش زمین پر جا گرے، اس دوران خاتون بھی زخمی ہوئیں، تاہم چین بچانے میں کامیاب رہیں۔
فائرنگ کے باوجود پیچھا کیا
سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ واقعے کے بعد ایک بدماش پیدل بھاگنے لگا۔ چین محفوظ ہونے کے باوجود جسی نے اس کا پیچھا کیا۔ خود کو گھرتا دیکھ کر بدماش نے پستول نکال کر فائرنگ کی۔ متاثرہ خاتون کے مطابق انہیں ڈرانے کے لیے دو گولیاں چلائی گئیں۔ اسی دوران دوسرا بدماش موٹر سائیکل اٹھا کر اپنے ساتھی تک پہنچا اور دونوں موقع سے فرار ہو گئے۔ فائرنگ کے بعد چوک پر افرا تفری مچ گئی، تاہم بدماش بھیڑ کے درمیان سے آسانی سے نکل گئے۔
واقعہ کی تفصیل
جسی سلوجا نے بتایا کہ وہ گریڈیہہ سے اورمانجھی کے ایک ریزورٹ میں خاندانی شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد دوپہر تقریباً ایک بجے بریاتو میں اپنی نند کے گھر پہنچی تھیں۔ اس کے بعد وہ اپنے شوہر کے ساتھ پیدل ہی بریاتو روڈ کے ایک مال میں خریداری کے لیے گئیں۔ واپسی کے دوران چوک پر پہلے سے موجود موٹر سائیکل سوار مجرموں نے موقع پا کر واردات انجام دی۔ چھینا جھپٹی میں ان کے ہاتھ اور دونوں گھٹنوں میں چوٹ آئی جبکہ کپڑے بھی پھٹ گئے۔
تماشائی اور پولیس پر سوال
متاثرہ خاتون کا الزام ہے کہ واقعے کے وقت کئی لوگ موجود تھے لیکن کسی نے مدد نہیں کی، اگر لوگ آگے آتے تو بدماش پکڑے جا سکتے تھے۔ دوسری جانب بریاتو تھانہ انچارج منوج کمار نے دعویٰ کیا ہے کہ بدماشوں کے پاس ڈمی پستول تھی، جس میں ربڑ کی گولیاں تھیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ متاثرہ خاتون کی جانب سے تاحال باضابطہ شکایت درج نہیں کرائی گئی ہے۔ دن دہاڑے پیش آنے والی اس واردات اور پولیس کے بیان نے شہر کی سکیورٹی انتظامات پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
