جدید بھارت نیوز سروس
گملا ،13؍دسمبر: جھارکھنڈ کے کئی اضلاع کے ساتھ ساتھ گملاضلع میں بھی خواتین میں غذائی قلت ایک سنگین مسئلہ کے طور پر سامنے آ رہی ہے۔ اس صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ضلع انتظامیہ اور ریاستی حکومت مسلسل کوششیں کر رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں گملاکی ڈی سی پریرنا دکشت کی پہل پر دیہی علاقوں میں مورنگا (سہجن) کے پودے تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ اس کا مقصد دیہی لوگوں کو مورنگا کے پھل اور پتے سبزی کے طور پر استعمال کرنے کی ترغیب دینا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ اگر اسے باقاعدگی سے کھایا جائے تو اس کے کئی صحت کے فوائد ہیں۔مورنگا، جسے ہندی میں سہجن کہا جاتا ہے، ایک نہایت مفید اور طبی خصوصیات سے بھرپور پودا ہے۔ اسے “معجزاتی درخت” بھی کہا جاتا ہے کیونکہ اس کے تقریباً تمام حصے پتے، پھلیاں، پھول، بیج اور چھال صحت کے لیے فائدہ مند ہیں۔ بھارت سمیت کئی ٹروپکل کنٹریز میں اس کی کاشت کی جاتی ہے۔مورنگا کے پتے غذائی اجزاء کا خزانہ ہیں۔ ان میں وافر مقدار میں پروٹین، کیلشیم، آئرن، پوٹاشیم اور وٹامن A، C اور E پائے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اسے غذائی قلت دور کرنے میں مددگار سمجھا جاتا ہے۔ اس کے پتوں کا استعمال خون کی کمی (انیمیا) میں مفید ہوتا ہے اور یہ مدافعتی نظام کو بھی مضبوط کرتا ہے۔ مورنگا میں طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات پائی جاتی ہیں، جو جسم میں نقصان دہ آزاد ذرات کو ختم کرتی ہیں۔ اس کے باقاعدہ استعمال سے دل کی بیماری، ذیابیطس اور کینسر جیسی سنگین بیماریوں کے خطرے کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ یہ خون میں شکر اور کولیسٹرول کی سطح کو برقرار رکھنے میں بھی مددگار ہے۔سہجن کی پھلیاں ہاضمہ کے لیے فائدہ مند ہوتی ہیں۔ ان میں موجود فائبر قبض کی شکایت دور کرتا ہے اور آنتوں کو صحت مند رکھتا ہے۔ اس کے پھولوں کا استعمال روایتی طب میں سوجن اور نزلہ زکام کے علاج کے لیے کیا جاتا ہے۔ مورنگا کے بیجوں سے نکالاگیا تیل جلد اور بالوں کے لیے نہایت مفید ہوتا ہے۔ یہ جلد کو غذائیت فراہم کرتا ہے، جھریوں کو کم کرتا ہے اور بالوں کو مضبوط بناتا ہے۔ مورنگا کا پودا ماحول کے لیے بھی فائدہ مند ہے، کیونکہ یہ تیزی سے بڑھتا ہے اور کم پانی میں بھی پروان چڑھ سکتا ہے۔اس طرح مورنگا صحت، غذائیت اور ماحول تینوں پہلوؤں سے نہایت فائدہ مند ہے۔ گملاضلع میں ڈی سی پریرنا دکشت کی پہل سے یہ پودا دیہات کے لوگوں کی زندگی میں صحت اور غذائیت کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تحفظ کے شعبے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
