آئین ملک کی روح ہے، اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ قطعی برداشت نہیں: بندھو ترکی
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،10؍جولائی: آئین ملک کی روح ہے اور اس سے چھیڑ چھاڑ یا اسے کمزور کرنے کی کوشش جمہوریت کو کمزور کرنے کے مترادف ہوگی۔ یہ بات کانگریس کے ریاستی ورکنگ صدر بندھو ترکی نے رانچی کے لاپنگ میں دلت جاگو -سنویدھان بچاؤ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ دلت جاگو – سنویدھان بچاؤ پروگرام میں لاپونگ بلاک کے دلت برادری کے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر دلت برادری کے لوگوں نے آئین کو بچانے کا عہد لیا۔ کانگریس کے ریاستی ورکنگ صدر بندھو ترکی نے کہا کہ مرکز میں بیٹھی بی جے پی حکومت اور آر ایس ایس آئین کو کمزور کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو اس سیاسی سازش کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ خاص طور پر دلت طبقہ کو آگے آنا ہوگا اور بابا بھیم راؤ امبیڈکر کے ذریعہ آئین کے تحت دیئے گئے اختیارات کو بچانے کے لئے جدوجہد کے میدان میں اترنا ہوگا۔ اگر ملک میں آئین نہیں رہے گا تو پڑھا سسٹم سے لیکر گرام سبھا کے حقوق چھین لیے جائیں گے۔ آئین کے تحت ملک کے ہر شہری کو بولنے، کھانے اور پہننے کی آزادی ہے۔ لیکن بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ اپنے صنعتی دوستوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے آئین کو بدلنے اور کمزور کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ آج ہمارے گاؤں اور معاشرے میں ایسے لوگوں کی نشاندہی اور ان کی مخالفت کی ضرورت ہے۔ اس پروگرام میں بنیادی طور پر کرشنا نائک، بندھو نائک، کھیدو نائک، سورج نائک سمیت کئی گاؤں کے بہت سے لوگ موجود تھے۔
