اسپیکر رابندر ناتھ مہتو کی افسران کو سخت ہدایت
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،17؍فروری: اسپیکر رابندر ناتھ مہتو نے ریاست کے اعلیٰ حکام کو سخت ہدایت دی ہے کہ بجٹ اجلاس کے دوران ایوان میں آنے والے سوالات کے صحیح اور بروقت جوابات دیے جائیں۔ منگل کو اسمبلی میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں چیف سکریٹری اویناش کمار سمیت مختلف محکموں کے سکریٹری موجود تھے۔ پارلیمانی امور کے وزیر رادھا کرشن کشور کی موجودگی میں ہونے والی اس میٹنگ میں اسپیکر نے ہدایت دی کہ حکومت کی جانب سے ایوان میں توجہ دہانی (دھیان آکرشن)، وقفہ سوالات وغیرہ میں آنے والے سوالات کے درست جوابات وقت پر دیے جائیں۔
میٹنگ کے بعد اسپیکر رابندر ناتھ مہتو نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکام نے یقین دلایا ہے کہ بجٹ اجلاس کے دوران جس مواد کی بھی ضرورت ہوگی، وہ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی محکموں کے افسران نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سوالات کے جوابات وقت پر آئیں گے۔
پارلیمانی امور کے وزیر کی افسران کو بروقت جواب دینے کی ہدایت
پارلیمانی امور کے وزیر رادھا کرشن کشور نے اس اجلاس کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایوان کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلانے میں انتظامیہ کا کردار کلیدی ہے۔ ان سے توقع کی گئی ہے کہ ایوان میں جو بھی سوال آئے اس کا بروقت جواب ملے۔ ساتھ ہی مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ 18 فروری سے شروع ہونے والے جھارکھنڈ اسمبلی کے بجٹ اجلاس کو بہتر طریقے سے چلایا جا سکے۔
بجٹ اجلاس 17 ورکنگ ڈیز پر مشتمل ہوگا
جھارکھنڈ اسمبلی کا بجٹ اجلاس اس بار خاص ہونے والاہے۔ اس اجلاس میں جہاں اسمبلی پیپر لیس (کاغذ کے بغیر) ہونے کی سمت قدم بڑھاتی نظر آئے گی، وہیں ایوان کی کارروائی بھی بدلی بدلی سی دکھائی دے گی۔ 18 فروری سے شروع ہونے والے اس بجٹ اجلاس میں کل 17 ورکنگ ڈیز ہوں گے، جس کا آغاز 18 فروری کو گورنر کے خطبے سے ہوگا۔ 19 فروری کو گورنر کے خطبے پر شکریہ کی تحریک اور بحث کے بعد 20 فروری کو مالی سال 26-2025 کا تیسرا ضمنی بجٹ پیش کیا جائے گا۔
