وزیراعلیٰ ہیمنت سورین کی قیادت میں پولیس کی مستعدی لائی رنگ : اجے ناتھ شاہدیو
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 14؍ جنوری: لاپتہ بچوں کی باحفاظت بازیابی پر عوامی نمائندوں اور کانگریس رہنماؤں نے ریاست کی پولیس انتظامیہ کی ستائش کرتے ہوئے دلی مبارکباد اور شکریہ ادا کیا ہے۔ اس موقع پر جھارکھنڈ اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (جے ایس سی اے) کے صدر اجے ناتھ شاہدیو، پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری آلوک کمار دوبے، ترجمانِ اعلیٰ لال کشور ناتھ شاہدیو، مقامی کانگریس رہنما سنجیت یادو، رنجن یادو اور پرمیشور سنگھ نے مشترکہ طور پر پولیس انتظامیہ کو مبارکباد دی۔رہنماؤں نے کہا کہ بچوں کی محفوظ واپسی پولیس انتظامیہ کی مستعدی، ہوشیاری اور حساسیت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے ہیمنت سورین کی قیادت میں ریاستی حکومت کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے ڈی جی پی تداشا مشرا سمیت پولیس انتظامیہ کے تمام افسران اور اہلکاروں کا اس قابلِ ستائش کام کے لیے شکریہ ادا کیا اور اظہارِ ممنونیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کارروائی سے امن و امان پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی عزم کے ساتھ مفادِ عامہ میں کام جاری رہے گا۔ ساتھ ہی بچوں کے لواحقین کو تسلی دیتے ہوئے ان کی جلد معمول کی زندگی میں واپسی کی دعا کی گئی۔
