نشہ ہر برائی کی جڑ ہے، نشے سے دوری رکھیں اور اپنی زندگی کو بہتر بنائیں: کلدیپ کمار
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 11جون: صدر تھانہ علاقہ کے شانتی نگر گڑھا ٹولی غوثیہ مسجد کے پاس منشیات کے خلاف بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔اس پروگرام میں شانتی نگر، گڑھا ٹولی،غوث نگر، الٰہی بخش کالونی، مریم کالونی وغیرہ کے کئی معززین نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر تھانہ انچارج کلدیپ کمار نے تمام لوگوں کو منشیات کے خلاف مہم چلانے کا حلف دلایا۔انہوں نے تمام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کا استعمال ہر برائی کی جڑ ہے، منشیات کے استعمال سے دوری رکھیں اور اپنی زندگی کو سنواریں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے علاقے اور اپنے بچوں پر توجہ دیں، وہ کسی قسم کا نشہ نہ کریں۔ آپ اس پر سنجیدگی سے نظر رکھیں، اگر کوئی نشے کا عادی ہے تو اسے کسی ڈی ایڈکشن سنٹر میں بھیج دیں، میں بھی جتنی مدد کر سکتا ہوں مدد کروں گا۔اس کے ساتھ اگر کوئی براؤن شوگر، گانجہ، افیون اسمگل کرتا ہے تو اس کی اطلاع دیں، ہم ان کے خلاف بھی کارروائی کریں گے۔مقصد یہ ہے کہ ہمارا معاشرہ اور ہمارے بچے منشیات کے چنگل سے محفوظ رہیں، ہمارے بچے محفوظ ہوں گے تو ہماری ریاست اور ہمارا ملک بھی محفوظ رہے گا۔اس موقع پر جھارکھنڈ کے ایجیٹیٹر کم جھارکھنڈ پردیش جمعیت القریش کے ریاستی صدر مجیب قریشی نے کہا کہ نشے سے بچاؤ بیداری مہم حکومت کی بہت اچھی کوشش ہے، اسے کامیاب بنانے کے لیے ہر فرد کو شامل ہونا ہوگا۔ہم نے اسے 2019 میں شروع کیا تھا اور یہ آج تک مسلسل جاری ہے۔ صحافی پرویز قریشی نے کہا کہ اپنے بچوں کو تمباکو، گٹکا، بیڑی، پان سگریٹ، افیون، براؤن شوگر وغیرہ سے بچانے کے لیے ان پر نظر رکھیں۔ کہیں بھی کسی قسم کی پریشانی ہو تو اسے علاج کے لیے ڈی ایڈکشن سینٹربھیجیں، تھانہ دار بھی تعاون کرے گا، معاشرے کے ذمہ دار لوگ ہیں، سب مدد بھی کریں گے۔ سماجی کارکن منا نے کہا کہ پان کی دکانوں پر منشیات دستیاب ہیں، اس پر روک لگانے کی ضرورت ہے۔ اسٹیج کی نظامت غلام جاوید نے کی اور شکریہ کلمات جمعیۃ القریشی پنچایت کانٹا ٹولی کے صدر غلا م غوث قریشی پپو نے ادا کئے۔ اس موقع پر سماجی کارکن منا امتیاز، اکرام قریشی، ساجد، ننھے، راہوپ، محمدیاسین، نظام، عرفان، فیکو، عاشق، مجاہد، کامران، معین الدین، فرہاد، آصف، بھولو، راجو، نوشاد خان، آزاد قریشی، جاکو اور دیگر بھی موجود تھے۔
