محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری
نئی دہلی، یکم جولائی:۔ (ایجنسی) مانسون کے پورے ملک میں پہنچنے کے بعد ہو رہی بارش سے کئی مقامات پر عام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی ہے۔ اتر پردیش، بہار، جھارکھنڈ اور اوڈیشہ سمیت کئی ریاستوں میں سیلاب جیسے حالات بن گئے ہیں۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے مدھیہ پردیش، اترا کھنڈ اور ہریانہ میں سیلاب کے خطرے کی وجہ سے الرٹ کیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے ڈائرکٹر جنرل مرتیونجے مہاپاترا نے ایک آن لائن پریس بریفنگ میں کہا کہ اتراکھنڈ اور ہریانہ میں اچھی بارش ہونے کی امید ہے۔ شمال مشرقی کے بڑے حصوں، مشرقی ہند کے کئی علاقوں اور جنوبی جزیرہ نما کے کچھ حصوں میں بارش معمول سے کم رہنے کا امکان ہے۔ شمال مشرق، شمال مغرب اور مشرق و جنوبی جزیرہ نما کے کچھ حصوں میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ مشرقی مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، اوڈیشہ، ودربھ اور تلنگانہ کے آس پاس کے علاقے اور گجرات اور مہاراشٹر کے کچھ حصوں میں شدید بارش ہو سکتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس طرح کی بارش کا پیٹرن عام طور پر تب ہوتا ہے جب مانسون ٹرف اپنے معمول کی حالت سے جنوب کی طرف منتقل ہوتا ہے اور جب کئی کم دباؤ کا نظام بنتا ہے۔ اتر پردیش میں مانسون پوری طرح سے سرگرم ہو چکا ہے۔ پیر کو دن بھر ریاست کے سبھی حصوں میں جھماجھم بارش ہوئی۔ رک رک کر کبھی ہلکی تو کبھی تیز۔ کانپور، فرخ آباد، بلند، شہر، آگرہ سمیت کئی ضلعوں میں آبی جماؤ کا سامنا لوگوں کو کرنا پڑا۔ اس دوران یہاں 6 افراد کی موت کی خبر ہے۔ بارش کے دوران بجلی گرنے سے کرنٹ کی زد میں آکر ماں بیٹے کی، چھت اور دیوار گرنے کے واقعات میں تین، بجلی گرنے سے 2 لوگوں کی موت ہو گئی۔ بارش کے دوران ریاست میں ندیوں کی آبی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ گنگا-جمنا کے ساتھ ہی شاردا، رام گنگا و کین، چندراول ندیوں میں آبی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔ بہار میں بھی مانسون نے رفتار پکڑ لی ہے اور پوری ریاست میں بارش کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے منگل کو ریاست کے 16 ضلعوں کے لیے الرٹ جاری کیا ہے، جن میں 13 اضلاع میں آرینج الرٹ اور 3 ضلعوں میں یلو الرٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔ اگلے ایک ہفتے تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔