ہومJharkhandرجرپا مندر میں زائرین اور پولیس کے درمیان تصادم

رجرپا مندر میں زائرین اور پولیس کے درمیان تصادم

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

5 پولیس اہلکار معطل، ایس پی نے انکوائری کا حکم دے دیا

جدید بھارت نیوز سروس
رام گڑھ، 09 ؍ مارچ: رجرپا مندر کے احاطے میں اتوار کے روز زائرین اور پولیس اہلکاروں کے درمیان ہونے والے تنازع کے بعد بڑی کارروائی کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں سوموار کو پولیس سپرنٹنڈنٹ کے دفتر سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ معاملے میں ملوث پائے گئے پانچ پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ ایک ہوم گارڈ کو ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے۔ موصولہ معلومات کے مطابق، 8 مارچ کو رجرپا مندر میں شدید بھیڑ کی وجہ سے مرکزی داخلہ دروازہ کھول کر دیگر تمام دروازے بند کر دیے گئے تھے۔ مندر کے احاطے میں حفاظتی انتظامات کے لیے صبح 6 بجے سے جیپ-04 (JAP-04) کے جوانوں اور رجرپا تھانہ کے پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ اسی دوران دوپہر تقریباً 30:1سے 2 بجے کے درمیان کچھ زائرین نے واپسی کے راستے (ایگزٹ گیٹ) سے زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی۔ ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسر اے ایس آئی (ASI) پرکاش چندر مرمو نے زائرین کو واپسی کے راستے سے داخل نہ ہونے کی تاکید کی۔ اس بات پر کچھ زائرین ناراض ہو گئے اور پولیس اہلکاروں سے الجھ پڑے۔ الزام ہے کہ تلخ کلامی کے دوران زائرین نے پولیس افسر کے کندھے پر لگے ستارے (Star) نوچ لیے اور ان کا گلا بھی پکڑ لیا۔ اس کے بعد موقع پر موجود پولیس اہلکاروں اور زائرین کے درمیان ہاتھا پائی کا واقعہ پیش آیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی رام گڑھ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ اجے کمار نے خود نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی جانچ کا حکم دیا۔ تحقیقات کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ واپسی کے دروازے سے داخلے کے تنازع کے دوران پولیس اہلکاروں نے بھی زائرین کے ساتھ مار پیٹ کی تھی۔تحقیقاتی رپورٹ کی بنیاد پر کانسٹیبل 228 شیام لال مہتو، کانسٹیبل 69 رادھے شیام کنجور، کانسٹیبل 686 بہادر اراؤں، کانسٹیبل 384 جانسن سورین اور کانسٹیبل سیٹ-112 جیپ-04 بوکارو کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ وہیں ہوم گارڈ 0064 سکندر یادو کو ان کی خدمات سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
ایس پی نے واضح ہدایات دی ہیں کہ زائرین کے ساتھ کسی بھی قسم کا غیر انسانی یا نازیبا سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا۔ معاملے کی تفصیلی تحقیقات جاری ہے اور قصوروار پائے جانے والوں کے خلاف مزید سخت کارروائی کی جائے گی۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.