پہلی بار بڑی کارروائی: اسمگلروں کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادیں قرق، 201 ملزمان گرفتار
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی/چترا،یکم ؍جنوری:جنوری 2025 سے دسمبر 2025 تک نشہ آور اشیاء کے اسمگلروں کے خلاف چترا پولیس نے ریاست بھر میں سب سے بہتر کام کیا ہے۔ اس دوران پہلی بار چترا پولیس کی جانب سے نشہ آور اشیاء کے اسمگلروں کے ذریعے کمائی گئی ناجائز جائیداد کو بھی ضبط کیا گیا ہے۔
اعداد و شمار کیا ہیں؟
پولیس ہیڈ کوارٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، چترا پولیس نے غیر قانونی نشہ آور اشیاء اور شراب کے کاروبار کے خلاف خصوصی مہم چلا کر اسمگلروں پر زبردست کارروائی کی ہے۔ اس مدت کے دوران کل 90 معاملات میں کارروائی کرتے ہوئے 201 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے اور غیر قانونی شراب، گانجہ اور ڈوڈا سمیت بڑی مقدار میں نشہ آور اشیاء ضبط کی گئی ہیں۔چترا ایس پی سمیت کمار اگروال نے بتایا کہ “این سی بی سے حاصل کردہ قیمت کی بنیاد پر ضبط کی گئی نشہ آور اشیاء کی مالیت تقریباً 16 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ ہماری ٹیم نے افیون کی فصل کو اگنے سے پہلے ہی تلف کر دیا ہے۔ ٹریکٹر اور جے سی بی کے ذریعے تقریباً 359 ایکڑ افیون کی فصل کو اگنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا گیا ہے”۔
کروڑوں کی منشیات اور جائیداد ضبط
چترا پولیس نے سال 2025 میں کل 539.86 کلوگرام افیون، 259.5 کلوگرام براؤن شوگر، 021.3کلوگرام گانجا اور 19.1130کلوگرام ڈوڈا ضبط کیا ہے۔ اس کے علاوہ تقریباً 17.78 لاکھ روپے نقد سمیت مجموعی طور پر 32.4 کروڑ سے زائد کی غیر قانونی جائیداد اور منشیات کو این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات کے تحت سیل کیا گیا ہے۔
پہلی بار منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد قرق
جھارکھنڈ پولیس ہیڈ کوارٹر کے ذریعے دی گئی معلومات کے مطابق، چترا پولیس نے جھارکھنڈ میں پہلی بار نشہ آور اشیاء کے غیر قانونی کاروبار سے حاصل کردہ منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کو قرق کرانے میں کامیابی حاصل کی۔ ملزم جے شنکر کمار عرف جے شنکر نانگی کے نام پر خریدے گئے دو پلاٹ اور اس پر بنے مکان کے علاوہ مختلف بینکوں میں جمع 42.3 لاکھ روپے کو این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68-Q کے تحت قرق کر کے ریاستی حکومت کے حق میں ضبط کر لیا گیا ہے۔
این ڈی پی ایس، PIT NDPS اور CCA کے تحت سخت کارروائی
2025 کے دوران چترا ضلع کے مختلف تھانوں میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت درج کئی مقدمات میں بڑی مقدار میں براؤن شوگر، افیون، گانجہ ، ڈوڈا اور نقد رقم برآمد کر کے اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ضلع میں منشیات کے کاروبار کے تین بدنام زمانہ ملزمان کے خلاف PIT NDPS ایکٹ کے تحت تجویز بھیجی گئی، جن میں سے ایک ملزم دیویندر منڈا کو ایک سال کے لیے نظر بند کرنے کا حکم جاری کیا گیا۔
