تڑاگ کے جنگل سے پانچ اسمگلر گرفتار
جدید بھارت نیوز سروس
چترا،5؍جنوری: ضلع میں سرگرم ڈرگ سنڈیکیٹ پر چترا پولیس نے ایک بار پھر بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر صدر تھانہ علاقہ کے تڑاگ جنگل میں کی گئی فوری کارروائی میں پولیس نے پانچ اسمگلروں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے تقریباً 19.31 گرام براؤن شوگر، اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی ہنڈائی i20 کار، اور پانچ موبائل فون برآمد کیے ہیں۔ برآمد شدہ براؤن شوگر کی تخمینی قیمت تقریباً چھ لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔پولیس سپرنٹنڈنٹ سمت کمار اگروال کو اطلاع ملی تھی کہ تڑاگ جنگل میں کار کھڑی کر کے براؤن شوگر کی غیر قانونی خرید و فروخت ہو رہی ہے۔ اطلاع ملتے ہی ایس ڈی پی او سندیپ سمن کی قیادت میں تھانہ انچارج وپن کمار، ایس آئی راہل سنگھ، ایس آئی ٹیپو انصاری، ایس آئی کمار گوتم اور مسلح دستوں پر مشتمل ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے وقت ضائع کیے بغیر پورے علاقے کی ناکہ بندی کر کے اچانک چھاپہ مارا، جس میں پانچوں اسمگلروں کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق اسمگلر موقع پر براؤن شوگر کی ڈیل فائنل کر رہے تھے۔گرفتار اسمگلروں کی شناخت روپیش کمار ڈانگی (منگھنیا، میورہنڈ)، نیرج کمار یادو، پرکاش کمار دانگی اور لکشمن کمار دانگی (ڈھوڈی، میورہنڈ)، اور راکیش کمار دانگی (لواگڑا، صدر تھانہ) کے طور پر ہوئی ہے۔ پوچھ گچھ سے معلوم ہوا ہے کہ یہ تمام اسمگلر چترا، میورہنڈ، اٹکھوری ، گدھور اور ضلع ہزاری باغ کے کئی علاقوں میں سرگرم نیٹ ورک کے ذریعے براؤن شوگر سپلائی کرتے تھے۔ پولیس کے مطابق یہ گروہ بڑے مافیاؤں سے مال خرید کر مڈل مین کے طور پر مقامی نوجوانوں تک نشہ پہنچانے کا کام کرتا تھا۔اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی i20 کار کا نمبر JH02BH-1938 ہے۔ پولیس نے کار کے مالک کی شناخت بھی کر لی ہے جو ہزاری باغ کا رہائشی ہے اور ایک ملزم کا بہنوئی بتایا جا رہا ہے۔ اس کی شمولیت کی بھی گہرائی سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اس نیٹ ورک کے پیچھے کچھ سفید پوش اسمگلر اور بڑے مافیا بھی شامل ہیں، جن کے کردار کی جانچ کے لیے ایک الگ ٹاسک ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ایس پی سمت کمار اگروال نے کہا کہ ضلع میں نشے کا غیر قانونی کاروبار کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈرگ مافیا، پیڈلرز اور ان کے ماسٹر مائنڈ کی شناخت کر کے سخت کارروائی کی جائے گی۔ پولیس کی تازہ کارروائی سے چترا-ہزاری باغ کے ڈرگ نیٹ ورک میں کھلبلی مچ گئی ہے اور آنے والے دنوں میں اس مہم کے مزید تیز ہونے کا امکان ہے۔
