متاثرین سے براہِ راست گفتگوکی ، حکومت کی جانب سے تحفظ کا یقین دہانی کرائی
جدید بھارت نیوز سروس
دھنباد،13؍دسمبر: ہفتہ کے روز جھارکھنڈ کے چیف سکریٹری اویناش کمار نے کیندواڈیہہ علاقے میں گیس رساؤ سے متاثرہ مقام کا دورہ کیا۔ ان کے ساتھ انچارج ڈی جی پی تداس مشرا، بی سی سی ایل کے سی ایم ڈی، ڈی سی، ایس ایس پی سمیت کئی اعلیٰ افسران موجود تھے۔ اویناش کمار نے پورے علاقے کا معائنہ کیا اور لوگوں سے بات چیت بھی کی۔ انہوں نے عوام کی حکومت سے وابستہ امیدوں کو سنا اور ان پر غور کرنے کا یقین دلایا۔ اس کے علاوہ چیف سکریٹری اور دیگر افسران نے بیلگڑیا ٹاؤن شپ کا بھی جائزہ لیا، جہاں متاثرہ خاندانوں کو بسایا جانا ہے۔
گیس رساؤ کو قابو میں کرنا ایک چیلنج: چیف سکریٹری
میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیف سکریٹری اویناش کمار نے کہا کہ گیس رساؤ کے واقعے پر مکمل طور پر قابو پانا ایک بڑا چیلنج ہے۔ قدرتی وجوہات کی بنا پر ایسی واقعات پیش آتے ہیں، تاہم ماہرین کی رپورٹ پر غور و خوض جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لمحہ بہ لمحہ صورتحال کا مطالعہ کیا جا رہا ہے۔ دیہاتی برسوں سے یہاں رہتے آئے ہیں، اس لیے بہتر حالات کو وہی سمجھتے ہیں۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ دیہاتیوں کی شمولیت کے بغیر حل نکالنا مشکل ہے۔
لوگوں سے بات چیت کر کے چیف سکریٹری نے تحفظ کا یقین دلایا
چیف سکریٹری نے کہا کہ ریاستی حکومت لوگوں کو محفوظ مقامات پر بسانے اور گیس رساؤ کو روکنے کی سمت میں جائزہ لینے میں مصروف ہے۔ مرکزی حکومت، ریاستی حکومت، بی سی سی ایل انتظامیہ اور مقامی لوگوں کے درمیان بہتر تال میل کے ساتھ ہی کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی رکن اسمبلی، رکن پارلیمنٹ، عوامی نمائندوں اور دیہاتیوں سے بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل نکالا جائے گا۔ ریاست اور مرکز دونوں حکومتیں اس واقعے کو لے کر کافی سنجیدہ ہیں۔ کیندواڈیہہ میں چیف سکریٹری نے مائیک کے ذریعے لوگوں سے بات کی اور انہیں تحفظ کا یقین دلایا۔
بیلگڑیا ٹاؤن شپ میں سہولیات کا جائزہ
چیف سکریٹری اویناش کمار اور ڈی جی پی سمیت تمام افسران نے بیلگڑیا ٹاؤن شپ کا بھی دورہ کیا۔ وہاں موجود سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ موقع پر لوگوں سے بات کر کے فراہم کی جا رہی سہولیات کے بارے میں بھی جانکاری لی۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران چیف سکریٹری نے کہا کہ لوگوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومت چوکس ہے۔
معاملہ مرکز کے دائرہ اختیار میں ہے، لیکن ریاستی حکومت کو بھی سوچنے کی ضرورت: رکن اسمبلی
موقع پر موجود دھنباد کے رکن اسمبلی راج سنہا نے کہا کہ اس واقعے کو اسمبلی میں بھی اٹھایا گیا ہے اور وزیراعلیٰ سے ملاقات کر کے مسئلے کے حل کے لیے تحریری درخواست دی گئی ہے۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ یہ معاملہ مرکزی حکومت کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، لیکن ریاستی حکومت کو بھی عوام کی حفاظت کے بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے۔
