2050 تک خوشحال، انصاف پسند اور پائیدار جھارکھنڈ کی تعمیر کا عزم
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، یکم جنوری:۔نئے سال 2026 کے موقع پر وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے جھارکھنڈ کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ریاست کے لوگوں کے لیے خوشی، امن، بہتر صحت اور خوشحالی کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ نئے سال 2026 کی آمد محض ایک نئے سال کا آغاز نہیں بلکہ ہمارے بہادر آباؤ اجداد کے خوابوں کے مطابق ایک سنہرے جھارکھنڈ کی تعمیر کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2025 کے دوران جھارکھنڈ کے بانی، دیشوم گرو شیو سورین اور عظیم سماجی کارکن رام داس سورین جسمانی دنیا سے رخصت ہو کر فطرت کی گود میں سما گئے۔ ان کی جدوجہد اور قربانیاں آج بھی ہمیں رہنمائی فراہم کر رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جھارکھنڈ نے گزشتہ برسوں میں جدوجہد، عزم اور امکانات سے بھرپور ایک طویل سفر طے کیا ہے۔ اس سفر میں ریاست کے عوام، بالخصوص قبائلیوں، مقامی باشندوں، کسانوں، مزدوروں، خواتین اور نوجوانوں کا کردار نہایت اہم رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی انصاف، عوامی بہبود اور جامع ترقی کیلئےمتعدد اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔ ہیمنت سورین نے کہا کہ نوجوان جھارکھنڈ کیلئے اب مقصد مزید واضح ہو چکا ہے، اور وہ یہ ہے کہ سال 2050 تک ایک خوشحال، انصاف پسند اور پائیدار جھارکھنڈ کی تعمیر کی جائے۔ اس عزم کے ساتھ، ابوآ سرکار تعلیم، صحت، روزگار، خود روزگار، سماجی تحفظ، قدرتی وسائل کے تحفظ اور مقامی برادریوں کے حقوق و احترام پر مبنی پالیسیوں اور پروگراموں کو آگے بڑھاتی رہے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جھارکھنڈ کے دیوہیکل درخت کی جڑوں کو مضبوط کرنا ہمیشہ حکومت کی ترجیح رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارا پختہ عزم ہے کہ ترقی کے ثمرات سماج کے آخری فرد تک پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے 25 برسوں کے لیے ایک مشترکہ وژن کے ساتھ نوجوان جھارکھنڈ کو آگے بڑھنا ہوگا، اور ان کا مقصد ہے کہ جھارکھنڈ کو سال 2050 تک ملک کی سرکردہ ریاستوں میں شامل کیا جائے۔
