ریاست کے قیام کے بعد پہلی بار 15ویں مالیاتی کمیشن کے تحت ملی سب سے بڑی رقم؛
ہر پنچایت کو اوسطاً 51 لاکھ 80 ہزار روپے ملیں گے
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،یکم؍اپریل: مرکز کی حکومت نے جھارکھنڈ کو مالی سال 26-2025 کے اختتام تک 15 ویں مالیاتی کمیشن کے تحت تقریباً 2254 کروڑ روپے کی رقم فراہم کی ہے، جو اب تک کی سب سے بڑی رقم ہے۔ ادھر مرکز سے ریاستی حکومت کے دیہی ترقی کے محکمے کو ملنے والی اس بھاری بھرکم رقم پر سیاسی بیان بازی شروع ہو گئی ہے۔
رقم ملنے پر بی جے پی کی ستائش
بی جے پی نے اس کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل تک مرکز سے تعاون نہ ملنے کا الزام لگانے والوں کے منھ پر یہ ایک طمانچہ ہے۔ بی جے پی کے صوبائی ترجمان پردیپ سنہا نے کہا کہ مرکز کی حکومت سے ملنے والی رقم کا صحیح استعمال ہونا چاہیے نہ کہ غلط استعمال، بی جے پی اس پر نظر رکھے گی اور حکومت کو بھی چاہیے کہ جس مد میں پیسہ ملا ہے، اسے وہیں درست طریقے سے خرچ کرے۔
رقم کا ہوگا صحیح استعمال
وزیر برائے دیہی ترقی دیپیکا پانڈے سنگھ نے کہا کہ یہ رقم کافی جدوجہد کے بعد ملی ہے۔ مجھے امید ہے کہ اس رقم کا دیہی علاقوں میں صحیح استعمال ہوگا۔ مجھے توقع ہے کہ ہمارے پنچایتی راج کے نمائندے اپنے علاقوں میں بنیادی سہولیات، خاص طور پر پینے کے پانی اور دیگر ذرائع پر اسے خرچ کر کے عوام تک فائدہ پہنچانے کا کام کریں گے۔
جھارکھنڈ کو ملے تقریباً 2254 کروڑ روپے
ریاست کی 4345 پنچایتوں میں ترقیاتی کاموں کے لیے بڑے پیمانے پر رقم فراہم کی گئی ہے۔ مرکز کی حکومت کی جانب سے مالی سال 26-2025 کے اختتام تک جھارکھنڈ کو 15 ویں مالیاتی کمیشن کے تحت تقریباً 2254 کروڑ روپے کی رقم موصول ہوئی ہے۔ اگر اس رقم کا حساب ریاست کی پنچایتوں کو ملنے والی رقم کے نظریے سے لگایا جائے تو گزشتہ ایک سال میں ہر ایک پنچایت کے حصے میں تقریباً 51 لاکھ 80 ہزار روپے آئیں گے۔
یہ رقم ریاست کے قیام کے بعد سے اب تک ملنے والی سب سے زیادہ رقم ہے۔ سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ ریاستی مالیاتی کمیشن کی جانب سے پہلی بار پنچایتوں کو گرانٹ کی رقم دی گئی ہے۔ اس سے قبل 15 ویں مالیاتی کمیشن کے تحت جھارکھنڈ کے حصے میں مالی سال 22-2021 میں 50.624 کروڑ، مالی سال 23-2022 میں 1271 کروڑ، مالی سال 24-2023 میں 1300 کروڑ، مالی سال 25-2024 میں 50.653روڑ جبکہ مالی سال 26-2025 میں یہ رقم سب سے زیادہ یعنی 2254 کروڑ روپے ریاست کی پنچایتوں کو ملی ہے۔
