تمام صدر ہسپتالوں کیلئے PET-CT اسکین مشینوں کا اعلان
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،12؍اپریل: رانچی کے ہوٹل ریڈیسن بلو میں منعقدہ باوقار HCGCON 2.0 -“Shaping Tomorrow’s Cancer Care‘‘ کانفرنس میں جھارکھنڈ کے وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جہاں انہوں نے کینسر کے خاتمے کے لیے ریاستی حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ اس اہم تقریب میں ملک و بیرون ملک سے تعلق رکھنے والے ممتاز آنکولوجسٹ، سرجن اور طبی ماہرین موجود تھے، جن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت نے واضح کیا کہ کینسر اب موت کی علامت نہیں بلکہ مضبوط ارادے اور جدید علاج سے جیتنے والی ایک جنگ ہے۔ انہوں نے اس موقع پر کئی انقلابی فیصلوں کا اعلان کیا جو جھارکھنڈ میں کینسر کی دیکھ بھال کے منظر نامے کو مکمل طور پر بدل دیں گے۔ان اہم فیصلوں میں ریاست کے تمام صدر ہسپتالوں میں جدید ترین PET-CT Scan مشینوں کی تنصیب شامل ہے تاکہ کینسر کی بروقت اور درست تشخیص ممکن ہو سکے۔ خواتین میں بڑھتے ہوئے بریسٹ اور سروائیکل کینسر کے خطرات کے پیش نظر حکومت نے مفت HPV ویکسینیشن فراہم کرنے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے۔ مزید برآں، کینسر جیسی سنگین بیماریوں کے علاج کے لیے مالی امداد کو 5 لاکھ روپے سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے، جسے ضرورت پڑنے پر مزید بڑھانے کا عندیہ بھی دیا گیا۔ ڈاکٹر انصاری نے ماہرین سے اپیل کی کہ وہ نئی ٹیکنالوجی اور تحقیق کے ساتھ جھارکھنڈ آئیں، جہاں حکومت انہیں زمین اور انفراسٹرکچر سمیت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔وزیر صحت نے، جو خود بھی ایک ڈاکٹر ہیں، اس بات پر زور دیا کہ ان کا ہدف صرف علاج فراہم کرنا نہیں بلکہ کینسر کو جڑ سے ختم کرنا ہے۔ ان کی قیادت میں جھارکھنڈ صحت کی خدمات میں ملک بھر میں تیسرے مقام پر پہنچ چکا ہے، لیکن ان کا حتمی مقصد ریاست کو نمبر ون بنانا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کینسر سے ڈرنے کے بجائے بروقت اسکریننگ اور بیداری کا مظاہرہ کریں، کیونکہ عوامی تعاون اور حکومتی سہولیات کے ملاپ سے ہی اس مہلک بیماری کو شکست دی جا سکتی ہے۔
