وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے جھارکھنڈ پولیس کی ستائش کی
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 14 جنوری:۔ جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی سے 2 جنوری 2026 کو لاپتہ ہونے والے 5 سالہ انش کمار اور 4 سالہ انشیکا کماری کو رام گڑھ ضلع کے چتر پور علاقے سے بحفاظت برآمد کر لیا گیا ہے۔ دونوں بہن بھائی دھُروا تھانہ علاقے کے موسیباری کھٹال سے 2 جنوری کو دوپہر تین بجے بسکٹ خریدنے نکلے تھے، جس کے بعد وہ 12 دن تک لاپتہ رہے۔
رانچی پولیس کی مسلسل محنت کے بعد بچوں کی بحفاظت بازیابی ممکن ہو سکی۔ اس کامیابی پر وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جھارکھنڈ پولیس کو مبارک باد دی۔ انہوں نے لکھا کہ گزشتہ چند دن ذاتی طور پر ان کے لیے تشویش کا باعث رہے، ابتدا میں کامیابی نہیں مل رہی تھی، لیکن جس انداز میں رانیچی پولیس نے دوسری ریاست میں پیش آئے اسی طرح کے واقعات کے تانے بانے جوڑ کر مجرموں تک پہنچ کر بچوں کو آزاد کرایا، وہ قابلِ ستائش ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ تفتیشی مہم یہیں ختم نہیں ہوگی بلکہ ریاست اور ریاست سے باہر پیش آنے والے ایسے واقعات کی گہرائی سے جانچ کر کے مجرمانہ گروہوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے انش اور انشیکا کے اہلِ خانہ کو نیک تمناؤں کے ساتھ یقین دلایا کہ رانچی کے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی گئی ہے کہ بچوں کے خاندان کو تمام ضروری سرکاری اسکیموں سے جوڑا جائے۔
