جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 7 فروری:۔ جھارکھنڈ حکومت نے میّاں سمّان یوجنا کے تحت خواتین کے لیے ایک اہم فیصلہ لیا ہے۔ اس اسکیم سے مستفید ہونے والی تمام خواتین کو اب 20,000 روپے تک کے بینک قرضے دستیاب کرائے جائیں گے۔ یہ اعلان سنیچر کو ریاستی سطح کے بینکرس کمیٹی کی میٹنگ میں کیا گیا۔ مختلف بینکوں کے ساتھ ساتھ ریزرو بینک آف انڈیا اور نابارڈ کے نمائندوں نے اس تجویز سے اتفاق کیا۔ وزیر خزانہ رادھا کرشنا کشور نے کہا کہ اس اسکیم کو منظم طریقے سے لاگو کرنے کے لیے آئندہ بجٹ میں شامل کیا جائے گا۔ 2024 کے اسمبلی انتخابات سے پہلے، جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) نے خواتین کو مالی مدد دینے کا وعدہ کیا تھا۔ انتخابات کے بعد، جے ایم ایم نے کانگریس کے ساتھ اتحاد میں حکومت بنائی، اور وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے، خواتین کے کھاتوں میں ہر ماہ 2500 روپے جمع کرنا شروع کر دیے۔
