جھارکھنڈ اب معدنیات ہی سے نہیں بلکہ کھلاڑیوں کی پہچان سے بھی جانا جائے گا: ہیمنت سورین
جدید بھارت نیوز سروس
لوہردگا، 13؍ فروری: وزیراعلیٰ ہیمنت سورین نے کہا کہ کھیل کے میدان میں جھارکھنڈ مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔ یہاں کے نوجوانوں کی رگ رگ میں کھیل بستا ہے۔ جھارکھنڈ کے کھلاڑی ملک اور دنیا میں ریاست کا نام روشن کر رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عالمی کرکٹ میں اس ریاست کے کھلاڑی مہندر سنگھ دھونی نے اپنا پرچم لہرایا ہے۔ طویل عرصے سے ہاکی انڈیا میں بھی جھارکھنڈ کے کھلاڑیوں کا دبدبہ رہا ہے۔ ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم میں کپتان سمیت کئی کھلاڑی جھارکھنڈ سے ہیں۔ یہ ہم سب کے لیے فخر کا موضوع ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صرف ہاکی اور کرکٹ ہی نہیں بلکہ ریاستی حکومت کی کوشش ہے کہ تیر اندازی، فٹ بال، لان بال سمیت دیگر کھیلوں میں بھی ہماری ریاست کے کھلاڑی آگے بڑھ سکیں، اس کے لیے بہتر کھیل پالیسی بنائی گئی ہے۔ ان باتوں کا اظہار وزیراعلیٰ ہیمنت سورین نے آج بی ایس کالج گراؤنڈ لوہردگا میں منعقدہ بلدیو ساہو میموریل ٹی-20 کرکٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی کے طور پر سابق ہندوستانی کرکٹر وریندر سہواگ اور ہربھجن سنگھ موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے دونوں سابق ہندوستانی کرکٹرز سے ریاستی حکومت کی جانب سے کھیل کے میدان میں کی جانے والی کوششوں اور امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
صرف معدنی دولت ہی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کے نام سے بھی جانا جائے گا جھارکھنڈ
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جھارکھنڈ پہلے ہی سے معدنی دولت کے لیے جانا جاتا ہے۔ ریاستی حکومت کی کوشش ہے کہ آنے والے وقت میں اس ریاست کو کھلاڑیوں کے نام سے بھی جانا جائے، اس مقصد کے لیے ہم بہتر ورک پلان بنا کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج پہلی بار مجھے اس میدان میں آنے کا موقع ملا ہے۔ بی ایس کالج میں واقع اس میدان کو بہتر شکل دینے میں ریاستی حکومت کا بھی تعاون رہا ہے۔ سابق رکن راجیہ سبھا دھیرج پرساد ساہو نے بھی اس میدان کی ہمہ جہت ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے یقین ظاہر کیا کہ آنے والے وقت میں یہ اسٹیڈیم توجہ کا مرکز بنے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج اس کرکٹ مقابلے میں حصہ لینے والے ہمارے نوجوان کھلاڑیوں اور بڑی تعداد میں پہنچنے والے کھیل سے محبت کرنے والوں اور شائقین کا جوش و خروش دیدنی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنی جانب سے تمام کھلاڑیوں کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے فاتح ٹیم کو ٹرافی سونپی۔ اس موقع پر وزیر ڈاکٹر عرفان انصاری، وزیر محترمہ دیپیکا پانڈے سنگھ، وزیر محترمہ شلپی نیہا ترکی، ایم ایل اے رام چندر سنگھ، ایم ایل اے بھوشن باڑا، ایم ایل اے نمن وکسل کونگاڑی، ایم ایل اے راجیش کچھپ، سابق رکن راجیہ سبھا دھیرج پرساد ساہو سمیت دیگر معززین اور بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔
