آدتیہ پور میں دو بائیک سوار مجرموں نے چلائیں 4 راؤنڈ گولیاں
جدید بھارت نیوز سروس
سرائےکیلا،14؍مارچ: ضلع کے آدتیہ پور تھانہ علاقہ میں مجرموں کے حوصلے بلند ہیں۔ ہفتہ کی دوپہر تقریباً 45:1 بجے چونا بھٹہ مین روڈ پر واقع ‘سنجے الیکٹرانک بیٹری شاپ‘ پر موٹر سائیکل سوار دو مجرموں نے تابڑ توڑ فائرنگ کر دی۔واقعے کے وقت دکان پر روی نامی نوجوان بیٹھا تھا، جس پر مجرموں نے نشانہ بناتے ہوئے تقریباً 4 راؤنڈ گولیاں چلائیں۔ خوش قسمتی سے اس حملے میں روی بال بال بچ گیا۔ ادھر واقعے کی اطلاع ملتے ہی آدتیہ پور تھانہ انچارج ونود ترکی پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کر کے وہاں سے چار کھوکھے برآمد کیے ہیں، جن میں سے ایک کھوکھا دکان کے اندر سے ملا ہے۔
پرانی رنجش اور دھمکی کا معاملہ
دکاندار سنجے کمار کے مطابق یہ حملہ پرانی رنجش کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آدتیہ پور-2 کے رہائشی رشی نامی نوجوان نے جمعہ کی رات فون پر انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔ تنازع کی جڑ 19 دسمبر کو انورٹر کی مرمت کے حوالے سے ہونے والاجھگڑا ہے۔ اسی تنازع میں 9 مارچ کو ہری اوم نگر میں رشی، امن اور سانو نے سنجے کمار کے بیٹے پر حملہ کیا تھا، جس کی شکایت انہوں نے تھانے میں درج کرائی تھی۔
فائرنگ کے بعد دہشت کا ماحول
حیرانی کی بات یہ ہے کہ جب دکاندار سنجے کمار پولیس کارروائی کا مطالبہ کرنے تھانے پہنچے تھے، تبھی پیچھے سے مجرموں نے دکان پر فائرنگ کر دی۔ دن دہاڑے ہونے والی فائرنگ کے اس واقعے سے مقامی تاجروں اور عوام میں دہشت پھیل گئی ہے۔
حملہ آوروں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا: تھانہ انچارج
اس سلسلے میں آدتیہ پور تھانہ انچارج ونود ترکی نے بتایا کہ معاملہ باہمی رنجش سے جڑا ہے اور پولیس پہلے سے درج مار پیٹ کے کیس کی جانچ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کی شناخت کی جا رہی ہے اور جلد ہی انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔
