ضابطہ اخلاق کے سائے میں انتخابی دنگل شروع
جدید بھارت نیوز سروس
بوکارو،8؍فروری: میونسپل کونسل پھوسرو الیکشن 2026 کی سرگرمیاں اب اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ نامزدگی کے عمل اور کاغذات کی جانچ کے بعد، الیکشن کمیشن نے میدان میں موجود تمام امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کرنے والے انتخابی نشانات الاٹ کر دیے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اتوار سے پھوسرو کی گلیوں میں اب نعروں اور پوسٹروں کا شور سنائی دینے لگے گا، جو 21 فروری کی شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ پولنگ 23 فروری کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 27 فروری کو کی جائے گی۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری فہرست کے مطابق اس بار مقابلہ کافی دلچسپ ہونے والا ہے۔ صدر کے عہدے کے لیے کل 09 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ وارڈ کونسلر کے عہدے کے لیے میونسپل ایریا کے تمام 28 وارڈوں سے کل 129 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ امیدواروں کو جیسے ہی ان کے انتخابی نشانات ملے، حامیوں میں زبردست جوش و خروش دیکھا گیا۔ اب امیدوار اپنے الاٹ کردہ نشانات کے ساتھ گھر گھر جا کر ووٹروں کو لبھانے کی حکمت عملی میں مصروف ہو گئے ہیں۔ انتخابی نشانات ملنے کے بعد اب امیدواروں کے پاس مہم کے لیے محدود وقت بچا ہے۔ پھوسرو میونسپل کونسل کے عوام ترقی، صفائی ستھرائی اور مقامی مسائل کی بنیاد پر کسے اپنا نمائندہ منتخب کرتے ہیں، یہ تو آنے والاوقت ہی بتائے گا۔ لیکن فی الحال شہر مکمل طور پر انتخابی رنگ میں رنگا ہوا نظر آرہا ہے۔
امیدوار اصولوں کے دائرے میں رہ کر اپنی بات عوام تک پہنچائیں : مکیش مچھوا
چیف الیکشن آفیسر مکیش مچھوا نے کہا کہ انتظامیہ منصفانہ اور شفاف انتخابات کرانے کے لیے پرعزم ہے۔ امیدواروں کو اصولوں کے دائرے میں رہ کر اپنی بات عوام تک پہنچانی چاہیے۔
جنرل آبزرور سادات انور کی سخت ہدایت، مریاد میں رہ کر الیکشن لڑیں
انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کے بعد منعقدہ ایک خصوصی میٹنگ میں جنرل آبزرور نے تمام امیدواروں سے خطاب کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جمہوریت کے اس تہوار میں شائستگی اور اصولوں پر عمل کرنا لازمی ہے۔ انہوں نے تمام امیدواروں کو مثالی ضابطہ اخلاق (ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ) پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے لیے کسی بھی مذہبی مقام کا استعمال یا نفرت انگیز تقریر پر فوری کارروائی ہوگی۔ لاؤڈ اسپیکر کے وقت اور انتخابی گاڑیوں کی اجازت کے حوالے سے سخت ہدایات دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن لڑنا سب کا حق ہے لیکن سماجی ہم آہنگی نہیں بگڑنی چاہیے۔
ایک ایک پیسے کا حساب دینا ہوگا : وجے کمار
انتخابات میں پیسے کی طاقت کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے ایکسپنڈیچر آبزرور (خرچ کے مبصر) نے بھی کمر کس لی ہے۔ میٹنگ کے دوران امیدواروں کو آمدنی اور اخراجات کی تفصیلات کے حوالے سے خصوصی تربیت دی گئی۔ بتایا گیا کہ ہر امیدوار کو ایک رجسٹر برقرار رکھنا ہوگا، جس میں چائے ناشتے سے لے کر بینر پوسٹر تک کا حساب درج ہوگا۔ انتخابی اخراجات کے لیے علیحدہ بینک اکاؤنٹ کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ مبصر نے بتایا کہ فلائنگ اسکواڈ اور ویڈیو مانیٹرنگ ٹیمیں سرگرم ہیں، جو کسی بھی مشکوک اخراجات یا لالچ کی جانچ کریں گی۔ انتخابی اخراجات کے آڈٹ کے لیے تین دن 10 فروری، 14 فروری اور 19 فروری مقرر کیے گئے ہیں۔ جو بلاک کم سرکل آفس بیرمو میں کیا جائے گا۔
بوکارو ایس پی نے پولنگ اسٹیشنوں کا معائنہ کیا
میونسپل الیکشن 2026 کے پیش نظر بوکارو پولیس آفیسر نے پھوسرو علاقے کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر حفاظتی انتظامات اور بنیادی سہولیات کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے پولنگ کے وقت ووٹرز کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو اس کے لیے ضروری ہدایات دیں۔
