گاؤں کی خواتین روایتی رسم و رواج کے ساتھ گانے گاتی ہوئی شامل ہوئیں
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی ،18؍جولائی: ابھی جھارکھنڈ میں دھان کی بوائی کا وقت ہے۔ مردوں اور عورتوں کے گروپ ہر جگہ پانی سے بھرے کھیتوں میں دھان لگاتے دیکھے جا سکتے ہیں۔ ریاست بھر میں مسلسل موسلا دھار بارش کے درمیان، ریاست کی وزیر زراعت، وزیر شلپی نیہا ترکی بھی خواتین کے ساتھ دھان لگانے کے لیے چانہو بلاک کے رگھوناتھ پور گاؤں گئیں۔ گاؤں کی خواتین ریاستی وزیر کو اپنے ساتھ دھان لگاتے دیکھ کر بہت پرجوش نظر آئیں۔ واضح ہو کہ جھارکھنڈ میں دھان کی پودے لگانے کی ایک الگ اہمیت ہے۔ روایتی رسم و رواج کے ساتھ ساتھ خواتین گانے گاتے ہوئے اپنے کھیتوں میں دھان لگاتی ہیں۔ دھان کی بوائی کے وقت گاؤں میں تہوار کا ماحول ہوتا ہے۔ کسان اچھی فصل کے لیے ایشور سے پرارتھنا کرتے ہوئے دھان لگاتے ہیں۔ چانہو بلاک کے رگھوناتھ پور گاؤں میں وزیر زراعت شلپی نیہا ترکی کے کھیت میں پودے لگانے کی اطلاع ملتے ہی خواتین بارش کے باوجود کھیت میں گئیں۔ رگھوناتھ پور گاؤں کے جانی اوراون نے کہا کہ وزیر کو ہمارے ساتھ دیکھ کر اچھا لگا۔ وہ ہمارے لیے فیملی ممبر کی طرح ہے۔ پہلے بھی وہ دھان کی بوائی اور دھان کی کٹائی کے وقت آیا کرتی ہیں ۔ گاؤں کی انیتا اوراون نے کہا کہ وزیر زراعت نے ہمارے ساتھ دھان لگایا ہے۔ وزیر کے ساتھ کھیت میں دھان لگانا اچھا لگا۔
