جھارکھنڈ کے 8 طلباء ہوئے اعزاز سے سرفراز
جدید بھارت نیوز سروس
احمدآباد /رانچی،یکم؍جنوری:میٹرک اور انٹرمیڈیٹ بورڈ 2024 کے جھارکھنڈ ٹاپرز کو احمد آباد، گجرات میں امریکن فیڈریشن آف مسلم آف انڈین اوریجن (AFMI) کی طرف سے بین الاقوامی تعلیمی کنونشن اور ایوارڈز کی تقریب میں اعزاز سے نوازا گیا۔احمد آباد، گجرات امریکن فیڈریشن آف مسلم آف انڈین اوریجن (AFMI)، جو کہ امریکہ اور کینیڈا میں مقیم ایک باوقار سماجی تنظیم ہے، ہر سال ملک بھر میں اقلیتی طلباء کی تعلیمی فضیلت کا اعزاز دیتی ہے۔ اس سال بھی، AFMI کے 34ویں بین الاقوامی تعلیمی کنونشن اور گالا ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد نکادار انسٹی ٹیوٹ آف نالج، احمد آباد میں کیا گیا، اس تقریب میں جھارکھنڈ کے آٹھ ہونہار طلباء کو گولڈ، سلور اور برونز میڈل، سرٹیفکیٹس اور اسکالرشپ سے نوازا گیا۔اس تقریب میں 10ویں اور 12ویں کے 2024 کے بورڈ امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو اعزاز سے نوازا جائے گا۔ اے ایف ایم آئی کے اس کنونشن میں بیڈ مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے سودار انعم کو جنہوں نے 10ویں بورڈ کے امتحان میں صد فیصد نمبر حاصل کیے تھے اور بلاس پور چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والی سمرن صبا جو اصل میں لوہردگا، جھارکھنڈ کی رہنے والی ہیں ، انہوںنے 50.99 فیصد نمبر حاصل کی تھی، کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔ اس پروقار تقریب میں ہندوستان کی تمام ریاستوں سے تقریباً 80 طلباء و طالبات کو اعزاز سے نوازا گیا۔اس تقریب میں امریکہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کے درجنوں AFMI اراکین نے شرکت کی۔ پروگرام کے مہمان خصوصی انجمن اسلامیہ ممبئی کے صدر پدم شری ڈاکٹر ظاہر قاضی نے بچوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی محنت اور لگن سے اپنے خاندان، اسکول، اساتذہ اور معاشرے کا نام روشن کیا ہے۔ اپنی کامیابی میں اپنے والدین اور اساتذہ کے کردار کو کبھی نہ بھولیں۔ اس کی برکت اور رہنمائی نے آپ کی راہیں آسان کر دیں۔ یہ اعزاز آپ کے سفر کا اختتام نہیں بلکہ ایک نئی شروعات ہے۔ اے ایف ایم آئی کے صدر علی قریشی نے کہا کہ خواب وہ نہیں جو ہم سوتے ہوئے دیکھتے ہیں، خواب وہ ہوتے ہیں جو ہمیں سونے نہیں دیتے۔ اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے سخت محنت کریں اور کبھی ہمت نہ ہاریں۔ یہ دنیا ان لوگوں کی ہے جو اپنے خوابوں کو اپنی کوششوں سے پورا کرتے ہیں۔
