بلا مقابلہ ریاستی صدر منتخب ؛قومی کونسل کے 21 ارکان کا بھی اعلان
بوتھ کا کارکن ہی پارٹی کا اصل سرمایہ ہے، ان کے دکھ سکھ میں ساتھ کھڑا رہوں گا: آدتیہ ساہو
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 14؍ جنوری:بی جے پی کے نو منتخب ریاستی صدر و رکن پارلیمنٹ آدتیہ ساہو اور قومی کونسل کے 21 منتخب اراکین کے ناموں کا باضابطہ اعلان آج انتخابی افسر اور مرکزی وزیر جوئل اوراؤں نے ایک پروقار تقریب میں کیا۔ اس موقع پر بابولال مرانڈی، اناپورنا دیوی، سنجے سیٹھ، ارجن منڈا، مدھو کوڑا، پی این سنگھ اور دیگر سینئرلیڈران سمیت ہزاروں کارکنان موجود تھے۔ آدتیہ ساہو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ہی وہ جماعت ہے جو ایک عام کارکن کو، جو کبھی بوتھ پر ووٹ کی پرچیاں کاٹتا تھا، اعلیٰ ترین عہدے تک پہنچا سکتی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی، جے پی نڈا اور امت شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں پارٹی کے لیے وقف کر دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ بھلے ہی اگلی صف میں بیٹھیں لیکن ان کا دل ہمیشہ بوتھ پر کام کرنے والے زمینی کارکن سے جڑا رہے گا، کیونکہ وہی پارٹی کی بنیاد ہے۔ ریاستی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ میں آج بدعنوانی، زمین کی لوٹ مار اور دراندازی عروج پر ہے۔ آدیواسیوں اور دلتوں کی زمینیں چھینی جا رہی ہیں اور حکومت دراندازوں کو تحفظ فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ تنظیم کو مزید مضبوط کریں اور جھارکھنڈ کو اس بدعنوان حکومت سے نجات دلائیں۔مرکزی وزیر جوئل اوراؤں نے کہا کہ آدتیہ ساہو کے تجربے سے تنظیم کو تقویت ملے گی اور جھارکھنڈ میں این ڈی اے کی مضبوط حکومت بنے گی۔ بابولال مرانڈی نے آدتیہ ساہو کی حساسیت اور محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم ان کی قیادت میں موجودہ نکمی حکومت کو اکھاڑ پھینکیں گے۔ تقریب میں ارجن منڈا، انا پورنا دیوی اور کرم ویر سنگھ نے بھی خطاب کیا اور نئے صدر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرنے والوں میں ریاستی نائب صدر بال مکند سہائے، وکاس پریتم، آرتی کجور، بھانو پرتاپ شاہی، بڑکُور گگرائی، ریاستی وزیر سروج سنگھ، سیما پاسوان، خزانچی دیپک بنکا، ہیمنت داس، شیو پوجن پاٹھک، یوگیندر پرتاپ سنگھ، اشوک بڈائک، ترجمان اجے ساہ، رماکانت مہتو، رافعہ ناز، وجے چورسیا، جے بی توبید، گیتا کوڑا، میٹروپولیٹن ضلعی صدر ورون ساہو، رانچی مشرقی اور مغربی اضلاع کے صدور ونے مہتو دھیرج، نریندر سنگھ، اقلیتی ریاستی کمیشن کے سابق چیئر مین کمال خان، طارق عمران ، کاظم قریشی، سونا خان، انور حیات، سمیت تمام اضلاع کے صدور، ضلع و منڈل کے عہدیداران اور مختلف شعبہ جات (مورچوں) کے ذمہ داروں سمیت ہزاروں کی تعداد میں کارکنان موجود تھے۔
