جدید بھارت نیوز سروس
چائباسہ،13؍دسمبر:اینٹی کرپشن بیورو (ACB) جمشیدپور کی ٹیم نے عمارت سازی محکمہ، چائباسا بلڈنگ ڈویژن کے ایگزیکٹو انجینئر ارون کمار سنگھ کو 70 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ہے۔ یہ کارروائی نارکوٹکس محکمہ کے لیے عمارت کی تعمیر سے متعلق ادائیگی کے معاملے میں کی گئی۔متعلقہ اسکیم کی کل لاگت 55 لاکھ روپے تھی، جس میں سے 29 لاکھ روپے کی ادائیگی پہلے ہی کی جا چکی تھی۔ جبکہ بقیہ رقم کی ادائیگی کے عوض انجینئر کی جانب سے 5.2 فیصد کمیشن کے طور پر 70 ہزار روپے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔رشوت کے مطالبے سے پریشان ہو کر عمارت سازی محکمہ کے ٹھیکیدار رتیش چیرانیا نے اے سی بی جمشیدپور میں تحریری شکایت درج کرائی۔ شکایت کی جانچ میں الزامات درست پائے جانے کے بعد اے سی بی نے پہلے سے منصوبہ بند ٹریپ آپریشن انجام دیا اور انجینئر کو رشوت لیتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ اس معاملے میں اے سی بی کی جانب سے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔گرفتاری کے بعد اے سی بی ٹیم نے انجینئر کے دفتر کے قریب واقع ان کی رہائش گاہ کی بھی تلاشی لی۔ اس کے بعد انجینئر کو پوچھ گچھ کے لیے اے سی بی جمشیدپور کے دفتر لے جایا گیا۔ اس کارروائی کی قیادت ڈی ایس پی اندردیو رام نے کی۔ ٹیم میں انسپکٹر جے رام پرساد، انسپکٹر کلیان بیرولی، اے ایس آئی منوج کمار سنگھ، منیش کمار رام، ارون کمار منڈل اور مجسٹریٹ کم سی او جمشیدپور منوج کمار شامل تھے۔
