وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے میڈیکل کالج کے پہلے بیچ کا افتتاح کیا، کہا!
اگلے 5 برسوں میں ریاست میں ہوں گے 30 میڈیکل کالجز
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،9؍جنوری: صحت کے شعبے میں آج سے ایک نئے باب کا آغاز ہو رہا ہے۔ نئے میڈیکل کالجز اور ہسپتال کھلنے سے معیاری تعلیم اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کی راہ ہموار ہو رہی ہے، جس کا فائدہ یقینی طور پر یہاں کے لوگوں کو ملے گا۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے نیتاجی سبھاش میڈیکل کالج اور ہسپتال، آدتیہ پور، سرائے کیلا-کھرساواں میں ایم بی بی ایس کورس (پہلے بیچ) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرائے کیلا-کھرساواں جیسے چھوٹے ضلع میں میڈیکل کالج کا کھلنا ایک قابل ستائش قدم ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایسے اداروں کے کھلنے سے تعلیم کا بہتر ماحول تیار ہوگا۔
ایک اچھے ڈاکٹر کے طور پر آپ معاشرے کی خدمت کریں گے
وزیر اعلیٰ نے ایم بی بی ایس کورس کے پہلے بیچ میں داخلہ لینے والے طلباء کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال یہاں نیا بیچ آئے گا۔ 5 سالوں میں یہ میڈیکل کالج مکمل شکل اختیار کر چکا ہوگا۔ ایسے میں جب آپ یہاں سے اپنی تعلیم مکمل کر کے نکلیں گے تو معاشرے کو آپ سے کافی امیدیں ہوں گی۔ مجھے پورا یقین ہے کہ آپ ایک بہتر ڈاکٹر کے طور پر سماج کو اپنی خدمات فراہم کریں گے۔
ریاست کے نظامِ صحت کو مضبوط بنانے کی کوششیں مسلسل جاری
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کا نظامِ صحت کیسے مضبوط ہو، اس سمت میں مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ہم ایک ایسا ہیلتھ ایکو سسٹم بنانے کی جانب بڑھ رہے ہیں، جہاں بہتر اور معیاری تعلیم کے ساتھ جدید طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اگلے 5 سالوں میں میڈیکل کالجز کو دوگنا کرنے کے ہدف کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگلے 5 برسوں میں میڈیکل کالجز کی تعداد 25 سے 30 تک پہنچانے کے ہدف کے ساتھ ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔ اگرچہ ہمارے سامنے کئی چیلنجز بھی ہیں، لیکن میرا ماننا ہے کہ جب چیلنجز سامنے آتے ہیں تبھی کام کرنے کا لطف بھی ملتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتالوں اور طبی اداروں میں ڈاکٹروں کی آمد و رفت کا سلسلہ جاری رہے گا، اسے روکا نہیں جا سکتا۔ لیکن اس ریاست میں زیادہ سے زیادہ بہتر میڈیکل کالجز، ہسپتال، تشخیصی مراکز اور معالجین آئیں، اس کے لیے حکومت ہر سطح پر صحت کے ڈھانچے کو مضبوط کرنے کا کام پوری صلاحیت اور طاقت سے کر رہی ہے۔اس موقع پر وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری، لوک سبھا ایم پی جوبا مانجھی، ایم ایل اے دشرتھ گگرائی ، ایم ایل اے سویتا مہتو، ایم ایل اے سمیر موہنتی، ایم ایل اے منگل کالندی، ایم ایل اے سومیش چندر سورین، سابق وزیر بنا گپتا، محکمہ صحت کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اجے کمار سنگھ اور نیتاجی سبھاش میڈیکل کالج و ہسپتال کے چیئرمین مدن موہن سنگھ موجود تھے۔
