تعلیم کے ذریعے مسلم قوم کی بیداری پر زور
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، یکم فروری: ریاست کی راجدھانی میں واقع معروف تعلیمی ادارے گلوبل پبلک اسکول بڑاگائیں میں آج یکم فروری 2026 بروز اتوار کو سالانہ تقریب کا انعقاد نہایت تزک و احتشام کے ساتھ کیا گیا۔ تقریب کا بنیادی محور “تعلیم کی اہمیت اور معاشرتی تبدیلی” رہا، جس کے ذریعے پسماندہ طبقات بالخصوص مسلم قوم کو عصری و اخلاقی علوم کے ذریعے اپنی شناخت پانے کا ولولہ انگیز پیغام دیا گیا۔پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد اسکول کے نو نہالوں نے اپنی فکری و فنی صلاحیتوں سے حاضرین کو مبہوت کر دیا۔ رنگا رنگ تعلیمی و ثقافتی پروگراموں، اصلاحی ڈراموں اور تقریری مقابلوں کے ذریعے طلبہ نے معاشرتی برائیوں اور جہالت کے خلاف موثر آواز بلند کی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ تعلیم محض ڈگری کا نام نہیں بلکہ یہ شعور کی وہ شمع ہے جو جہالت کے اندھیروں کو مٹاتی ہے۔
اس شاندار کامیابی کا سہرا اسکول کی پرنسپل محترمہ افسانہ پروین صاحبہ اور وائس پرنسپل تمجید عالم اور اسکول کے دیگر اساتذہ کی مثالی قیادت اور انتھک محنت کے سر جاتا ہے۔ ان کی تعلیمی بصیرت اور بہترین انتظامی حکمت عملی کی بدولت اساتذہ نے ٹیم ورک کی عمدہ مثال پیش کرتے ہوئے تمام ذمہ داریاں ‘بہ حسنِ خوبی ‘ انجام دیں۔تقریب کے آخری سیشن میں معزز مہمانانِ گرامی نے کہا کہ ایسے پروگرام بچوں میں خود اعتمادی پیدا کرنے کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کی تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔ تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات اور توصیفی اسناد تقسیم کی گئیں۔اس پروقار تقریب میں وارڈ نمبر 4 کی کونسلر محترمہ حسنیٰ آراء، انجمن اسلامیہ بڑگائیں کے صدر مہتاب عالم، وارڈ نمبر 5 کے نئے امیدواراودھیش بیٹھا اور ایس آئی او (SIO) جھارکھنڈ کے زونل صدر عبدالسلام انصاری نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی
