جدید بھارت نیوز سروس
جمشیدپور،5؍جنوری: مشرقی سنگھ بھوم ضلع کے پرسوڈیہہ تھانہ علاقہ میں بس کی زد میں آنے سے اسکوٹی سوار ایک لڑکی کی موت ہوگئی ہے۔ اس حادثے میں ایک بچی زخمی ہوئی ہے۔ معاملے کے بارے میں پرسوڈیہہ تھانہ انچارج نے بتایا کہ بس ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔ متوفیہ کی شناخت پرسوڈیہہ تھانہ علاقہ کے باری گوڑا سبھاش ٹولہ کی رہائشی 16 سالہ انجلی کماری اور زخمی کی شناخت اس کی کزن ندھی کماری کے طور پر ہوئی ہے۔ حادثے میں زخمی ہونے والی بچی کو علاج کے لیے ایم جی ایم اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔مشتعل لوگوں نے بس میں زبردست توڑ پھوڑ کی اور ہنگامہ کیا۔ اطلاع کے مطابق ایک بس سڑک کے کنارے کھڑی تھی۔ بس ڈرائیور ہینڈ بریک لگا کر چائے پینے چلا گیا تھا۔ اچانک بس کا ہینڈ بریک فیل ہو گیا اور بس پیچھے کی طرف لڑھکنے لگی، جس نے قریب ہی کھڑی اسکوٹی کو اپنی زد میں لے لیا۔ اسکوٹی پر سوار لڑکی بس کے نیچے دب گئی جس کی وجہ سے اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پرسوڈیہہ تھانہ کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی۔پرسوڈیہہ تھانہ انچارج اویناش کمار نے بتایا کہ بس کے لڑھکنے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ جس میں ایک لڑکی کی جائے وقوعہ پر ہی موت ہوگئی، جبکہ لڑکی کے ساتھ موجود ایک بچی زخمی ہوئی ہے جس کا علاج جاری ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے صدر اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ تھانہ انچارج نے کہا کہ بس ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور بس مالک کو تھانے بلایا گیا ہے۔ معاملے میں مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
