جدید بھارت نیوز سروس
لاتیہار،23؍اکتوبر: بدنام زمانہ مجرمانہ تنظیم سے وابستہ رانچی اور گملا اضلاع کے مجرموں کو لاتیہار ضلع میں جرم کی منصوبہ بندی کرنا مہنگا پڑا ہے۔ لاتیہار ضلع کے چندوا تھانہ علاقے میں ریلوے کول سائڈنگ پر پرتشدد واقعات کو انجام دینے والے بدنام زمانہ راہل سنگھ گینگ کے پانچ مجرموں کو ہتھیاروں کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے۔گرفتار مجرموں میں وشوناتھ اوراون، پھول چند کھلکھو، تلسی منڈا، تنویر انصاری اور سندیپ یادو شامل ہیں جو رانچی ضلع کے رہنے والے ہیں۔ ان کے قبضے سے دو دیسی ساختہ پستول اور پانچ گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔ گزشتہ چند دنوں سے مجرمین چندوا تھانہ علاقے میں ٹوری ریلوے اسٹیشن کے قریب ریلوے کول سائڈنگ کے آپریٹر سے رقم بٹورنے اور علاقے میں دہشت پھیلانے کی مسلسل کوشش کر رہے تھے۔چند روز قبل جرائم پیشہ عناصر نے پرتشدد واقعات کو انجام دے کر خوف و ہراس کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی تھی لیکن جب ان کا منصوبہ ناکام ہوا تو انہوں نے ریلوے سائیڈنگ پر بڑی واردات کو انجام دینے کا منصوبہ بنایا۔ مجرم اس واردات کو انجام دینے چندوا کے پرساہی گاؤں پہنچے تھے لیکن ایس پی کمار گورو کو بروقت اطلاع ملی۔اطلاع کے بعد ایس پی نے لاتیہار کے ڈی ایس پی اروند کمار کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی اور چھاپے مارے اور مجرموں کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس کی ٹیم جیسے ہی نشاندہی شدہ مقامات پر پہنچی تو جرائم پیشہ افراد فرار ہونے لگے تاہم پولیس نے انہیں گھیرے میں لے کر گرفتار کرلیا۔
منظم جرائم کے خلاف کارروائی: ایس پی
ایک پریس کانفرنس کے دوران ایس پی کمار گورو نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ مجرم لیوی جمع کرنے کے لیے پرتشدد واقعہ کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اس اطلاع کے بعد، لاتیہار ڈی ایس پی کی قیادت میں پولیس ٹیم نے چھاپہ مار کر پانچ مجرموں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار مجرموں میں سے ایک گملا ضلع سے ہے، جب کہ چار کا تعلق رانچی ضلع سے ہے۔ تمام مجرموں کا تعلق بدنام زمانہ راہل سنگھ گینگ سے ہے۔گرفتار ملزمان سے دو پستول اور پانچ گولیاں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاتیہار پولیس منظم جرائم کے خلاف مسلسل کارروائیاں کر رہی ہے اور مجرموں کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔
