ضلع کلکٹریٹ میں افسران اور ملازمین نے لیا جمہوری اقدار کی پاسداری کا حلف
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،22؍جنوری: بھارتی الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق، 16ویں قومی ووٹرز ڈے (25 جنوری 2026) کی مناسبت سے آج رانچی ضلع کلکٹریٹ میں ووٹر حلف برداری کی تقریب منعقد کی گئی۔ اس پروگرام کی صدارت رانچی کے ڈپٹی کمشنر نیز الیکشن آفیسر منجوناتھ بھجنتر نے کی۔پروگرام میں محکمہ انتخاب سے وابستہ مختلف عہدیداروں اور ملازمین نے اجتماعی طور پر ووٹر کا حلف پڑھا، جس میں جمہوریت کے تئیں اپنی وابستگی کا اظہار کیا گیا اور ووٹنگ کی اہمیت و غیر جانبداری کو برقرار رکھنے کا عہد لیا گیا۔اس موقع پر ووٹر لسٹ کی درستی کی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور ملازمین کو تعریفی اسناد (سرٹیفکیٹ) دے کر نوازا گیا۔ ان شاندار کوششوں سے ضلع میں ووٹر لسٹ کو مزید درست اور اپ ٹو ڈیٹ بنانے میں اہم مدد ملی ہے۔ڈپٹی کمشنر منجوناتھ بھجنتر نے اپنے خطاب میں کہا کہ قومی ووٹرس ڈے جمہوریت کی بنیاد کو مضبوط کرنے کا ایک موقع ہے۔ انہوں نے تمام افسران اور ملازمین سے اپیل کی کہ وہ ووٹر بیداری مہم میں تیزی لائیں اور آنے والے انتخابات میں زیادہ سے زیادہ ووٹرز کی شرکت کو یقینی بنائیں۔پروگرام میں رانچی کے ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر سوربھ بھونیا، ایس ڈی او صدر رانچی کمار رجت، ایڈیشنل کلکٹر رانچی رام نارائن سنگھ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (لاء اینڈ آرڈر) راجیشور ناتھ آلوک، ڈپٹی الیکشن آفیسر رانچی ویویک کمار سمن، اور ضلعی سطح پر انتخاب سے وابستہ تمام افسران و ملازمین موجود تھے۔ یہ تقریب “My India, My Vote – میں بھارت ہوں” ٹیگ لائن اور “Indian Citizen at the Heart of Indian Democracy” کے تھیم کے عین مطابق تھی، جو شہریوں کو اپنے حق رائے دہی کے تئیں بیدار کرنے اور جمہوری اقدار کو مضبوط کرنے کا پیغام دیتی ہے۔رانچی ضلع انتظامیہ ووٹر بیداری اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے پرعزم ہے۔
