Jharkhand

جھارکھنڈ اسمبلی انتخاب: چار مسلم امیدواروں نے فتح کا پرچم لہرایا

44views

جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 23 نومبر:۔ جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کے نتائج آ چکے ہیں۔ 81 اسمبلی سیٹوں والی ریاست میں انڈیا الائنس نے 56 سیٹیں جیتی ہیں۔ وہیں بی جے پی اتحاد 23 سیٹیں جیتنے میں کامیاب رہا ہے۔ اس الیکشن میں چار مسلمانوں نے بھی کامیابی حاصل کی ہے جبکہ بیشتر مسلم امیدواروں کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔
عرفان انصاری کی ہیٹرک
کانگریس کے سینئر لیڈر اور وزیر عرفان انصاری ریاست کی جمتاڑا اسمبلی سیٹ سے مسلسل تیسری بار جیت گئے ہیں۔ انہوں نے جے ایم ایم کے سربراہ شیبو سورین کی بڑی بہو اور ہیمنت سورین کی بھابھی سیتا مرمو کو 43 ہزار 676 ووٹوں کے بڑے فرق سے شکست دی۔ عرفان انصاری کو کل 1 لاکھ 33 ہزار 266 ووٹ ملے ہیں، جب کہ بی جے پی امیدوار سیتا سورین کو 89590 ووٹ ملے ہیں۔
عالمگیر عالم کی اہلیہ نشاط جیت گئیں
جھارکھنڈ کے سابق وزیر اور کانگریس لیڈر عالمگیر عالم کی اہلیہ نشاط عالم جھارکھنڈ کی سب سے گرم سیٹ پاکور اسمبلی سیٹ سے انتخابی میدان میں تھیں۔ ان کے حریف بی جے پی کی اتحادی جماعت اے جے ایس یو سے اظہر اسلام تھے۔ کانگریس امیدوار نشاط عالم نے AJSU امیدوار کو 86029 ووٹوں سے شکست دی ہے۔ کانگریس لیڈر کو 1 لاکھ 55 ہزار 827 ووٹ ملے ہیں۔
محمد تاج الدین پہلی بار اسمبلی جائیں گے
جھارکھنڈ کی راج محل اسمبلی سیٹ سے جے ایم ایم کے امیدوار محمد تاج الدین(عرف ایم ٹی راجہ) نے کامیابی حاصل کی ہے۔ ان کا مقابلہ بی جے پی کے اننت کمار اوجھا سے تھا۔ جے ایم ایم کے امیدوار تاج الدین نے بی جے پی کے موجودہ ایم ایل اے اننت کمار اوجھا کو 43 ہزار 432 ووٹوں سے شکست دی ہے۔ جے ایم ایم کے امیدوار محمد تاج الدین کو کل 1 لاکھ 40 ہزار 176 ووٹ ملے اور بی جے پی امیدوار کو 96 ہزار 744 ووٹ ملے۔
20 ہزار ووٹوں سے جیتے حفیظ الحسن
جے ایم ایم امیدوار حفیظ الحسن نے مدھو پور اسمبلی سیٹ سے بی جے پی کے امیدوار گنگا نارائن سنگھ کو 20 ہزار 27 ووٹوں سے شکست دی ہے۔ حفیظ الحسن کو 1 لاکھ 43 ہزار 953 ووٹ ملے۔ وہیں بی جے پی امیدوار کو 1 لاکھ 23 ہزار 926 ووٹ ملے ہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.