28
سری نگر، 25 ستمبر:۔ (ایجنسی) جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے ووٹنگ جاری ہے۔ اس مرحلے میں چھ اضلاع کی 26 نشستوں کے لیے 239 امیدوار میدان میں ہیں۔ 25.78 لاکھ سے زیادہ ووٹر اپنے انتخابی مستقبل کا فیصلہ کررہے ہیں۔ دوسرے مرحلے میں کشمیر اور جموں دونوں ڈویژنوں کی نشستیں شامل ہیں۔ عمر عبداللہ، رویندر رائنا، الطاف بخاری اور خورشید عالم سمیت کئی نامور امیدوار میدان میں ہیں۔ کل 25.78 لاکھ ووٹرز ہیں جن میں 13.12 لاکھ مرد ووٹرز، 12.65 لاکھ خواتین ووٹرز، اور 53 تیسری جنس کے ووٹرز ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ نوجوانوں کی شرکت قابل ذکر ہے، 18 سے 19 سال کی عمر کے 1.2 لاکھ پہلی بار حق رائے دہی کا استعمال کریں گے، 19,201 معذور افراد اور 85 سال سے زیادہ عمر کے 20,880 بزرگ شامل ہیں۔ پولنگ کے اس مرحلے میں کُل 2 سو 39 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔رائے دہندگان کی آسانی کے لئے الیکشن کمیشن نے 3 ہزار 5 سو2 پولنگ اسٹیشن قائم کئے جن میں ویب کاسٹنگ کے ساتھ تمام تر سہولیات بہم رکھی گئیں۔انتخابات کے دوسرے مرحلے میں جموں و کشمیر کی کل 90 سیٹوں میں سے چھ اضلاع کی 26 نشستوں کی پولنگ ہوگی جن میں سے کشمیر میں 15 جبکہ جموں صوبے میں 11حلقوں پر پولنگ ہوئی۔ دریں اثنا حکام نے پر امن اور صاف و شفاف پولنگ کو یقینی بنانے کے لئے وسیع تر انتظامات کئے۔اسمبلی انتخابات کا تیسرا اور آخری مرحلہ یکم اکتوبر کو منعقد ہوگا جبکہ ووٹوں کی گنتی 8 اکتوبر کو ہوگی۔ اس مرحلے میں جو نمایاں امید وار قسمت آزمائی کر رہے ہیں ان میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ، بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ، جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق قرہ، اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری، جیل میں بند سرجان احمد وگے المعرف سرجان برکاتی، نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر علی محمد ساگر، عبدالرحیم راتھر، بی جے پی لیڈر اعجاز حسین، ذوالفقار چودھری اور سید مشتاق بخاری قابل ذکر ہیں۔ بتادیں کہ پہلے مرحلے کی پولنگ 18 ستمبر کو منعقد ہوئی تھی جس میں ووٹنگ کی شرح مجموعی طور پر61 فیصد ریکارڈ ہوئی تھی۔جموں سے آئی اے این ایس کے بموجب پرجوش رائے دہندوں میں جسمانی معذورین‘ نوجوان اور بوڑھے آگے آگے تھے۔محمد شریف نامی بزرگ بیساکھیوں کے سہارے پونچھ میں ووٹ ڈالنے پہنچے۔ ووٹ ڈالنے کے بعد انہوں نے کہا کہ میں اپنے علاقہ میں آج پہلا ووٹر ہوں۔ ہر کسی سے میری گزارش ہے کہ گھر سے باہر نکلو اور ووٹ ڈالو۔ چیف الیکٹورل آفیسر جموں وکشمیر نے ایکس پر تصاویر شیئر کیں۔ جموں ڈیویژن کے ڈوڈہ میں پریم ناتھ نے ووٹ ڈالا جس نے اپنی عمر لگ بھگ 100 سال(99 سال 6 ماہ) بتائی۔