International

یہ ایک مشکل دن ہے: گیلنٹ کا لبنان میں اپنے فوجیوں کی ہلاکت پر رد عمل

69views

تل ابیب 27 اکتوبر (ایجنسی) جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے جنگجوؤں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔ ہفتوں سے حملے جاری ہیں۔ جمعہ کو لڑائی میں حزب اللہ نے مزید 5 اسرائیلی فوجیوں کو جہنم واصل کیا تو ایک مرتبہ پھر اسرائیل کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس کے 10 افراد ہلاک اور 40 کے قریب زخمی ہوگئے ہیں۔اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلنٹ نے ایکس پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مشکل دن ہے۔ پچھلے تین دنوں میں تمام فوجی عزم کے ساتھ لڑے اور انہوں نے ایک مشترکہ مقصد کیلئے اپنی جانیں قربان کیں۔ یہ مشترکہ مقصد اسرائیل کی سلامتی ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے چیلنجوں سے بھرے اس سال کے دوران ملک کے دفاع کیلئے اتحاد پر بھی زور دیا۔اسرائیلی چینل 12 کے مطابق جھڑپوں میں 89ویں بٹالین کے 5 اسرائیلی فوجیوں کے ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ یہ واقعہ جس میں پانچ فوجی ہلاک ہوئے ہیں اس وقت پیش آیا جب ایک لاجسٹک قافلہ لبنان کے سرحدی قصبے کے اندر ایک مقام پر اسرائیلی افواج کیلئے سامان لے کر جا رہا تھا۔ حزب اللہ کے رکن نے ان پر میزائلوں کی بارش کردی۔ ان میں سے ایک میزائل عمارت کے قریب گرا جس میں 89ویں بٹالین کی ایک فورس موجود تھی۔ دوسری طرف حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے جنوبی قصبے مروہین میں اسرائیلی افواج کے ایک اجتماع کے ساتھ ساتھ شمالی اسرائیل میں مالکیہ کالونی کو نشانہ بنایا ہے۔ العربیہ کے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی حملوں نے جنوبی لبنان کے متعدد علاقوں کو نشانہ بنایا۔ ان علاقوں میں عیترون، عیتا الشعب، النبطیہ، شوکین اور دیگر شامل ہیں۔ دوسری جانب لبنان کی جانب سے شمالی اسرائیل میں الجلیل کی جانب درجنوں راکٹ فائر کیے گئے جس سے 5 اسرائیلی شدید زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے الجلیل کی طرف 30 کے قریب راکٹ فائر کیے جانے کا پتہ چلایا ہے۔گزشتہ سال 7 اکتوبر کو غزہ اور لبنان کی لڑائیوں کے درمیان اسرائیلی فوج میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 800 کے قریب پہنچ گئی ہے۔ اس ماہ کے آغاز میں اسرائیل نے لبنان میں ایک محدود زمینی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔ اسرائیل کی افواج نے کچھ سرحدی قصبوں کے مضافات میں دراندازی کی تھی۔ حزب اللہ نے واضح کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ابھی تک سرحد پر واقع کسی قصبے پر مکمل کنٹرول نہیں کیا ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.