International

غزہ پر اسرائیلی حملہ چوتھے روز بھی جاری، سرحد پر اسرائیلی ٹینکوں کی واپسی

173views

اسرائیل کی جانب سے غزہ پر مسلسل چوتھے دن بمباری کا سلسلہ جاری ہے جس میں صحافیوں سمیت میں درجنوں نہتے فلسطینی شہید وزخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

العربیہ اور الحدث کے مطابق اسرائیل نے منگل کو علی الصباح غزہ کے مختلف علاقوں پر بمباری کا نیا سلسلہ شروع کیا۔

العربیہ کے مطابق حملے کے دوران اسرائیلی بحریہ نے خان یونس اور غزہ کے ساحل پر میزائل داغے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ غزہ میں حماس کو نشانہ بنانے کے لئے 200 مقامات کو بمباری کا نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیلی فوج نے پیر کو کہا تھا کہ اس کی فضائیہ غزہ کی پٹی میں حماس تحریک کے خلاف “اب تک کا سب سے بڑا فضائی حملہ” کر رہی ہے۔ یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دوسری طرف حماس کے مسلح افراد نے غزہ کی پٹی کے آس پاس کی متعدد بستیوں پر حملہ شروع کیا ہے۔

فلسطینی تنظیموں کی طرف سے اسرائیل کے خلاف شروع کیےگئے ’طوفان الاقصیٰ‘ آپریشن کے آج چوتھے روزکے آغاز پر اسرائیل نے غزہ پر فضائی اور سمندری اطراف سے شدید بمباری کی ہے۔

منگل کو العربیہ اور الحدث کے ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ غزہ کے علاقوں پر صبح سے اسرائیلی بمباری جاری ہے۔ مرکزاطلاعات فلسطین نے منگل کی صبح غزہ پر نئے اور پرتشدد اسرائیلی حملوں کی اطلاع دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی بحری کشتیوں نے بھی غزہ شہر کے ساحل پر تازہ بمباری کی ہے۔

ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ مغربی غزہ میں ایک رہائشی عمارت پر اسرائیلی بمباری میں متعدد صحافی ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ فلسطینی میڈیا نے بتایا ہے کہ مغربی غزہ میں رہائشی عمارت پر اسرائیلی بمباری میں 3 صحافی ہلاک ہو گئے ہیں۔

فلسطینی ٹیلی ویژن نے اس سے قبل اطلاع دی تھی کہ ایک اسرائیلی حملے نے برج حجی کو نشانہ بنایا جس کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہاں پر مختلف میڈیا اداروں کے دفاتر موجود ہیں۔

غزہ کی پٹی پر اسرائیلی بمباری کل رات بھر جاری رہی۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق الگ الگ حملوں میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.