International

ایرانی وزیر خارجہ کی بیروت آمد ، الضاحیہ پر اسرائیلی بحریہ کی بم باری

30views

اسرائیل کے ہاشم صفی الدین کو مارنے کیلئے الضاحیہ میں حملے، 17 اسرائیلی ہلاک

لبنان 04 اکتوبر (ایجنسی)اسرائیلی بحریہ کے جنگی جہازوں نے آج جمعے کے صبح بیروت کے جنوبی نواحی علاقے الضاحیہ پر پھر سے بم باری کی۔ یہ بات العربیہ اور الحدث نیوز چینلوں کے نمائندے نے بتائی۔ اسے قبل جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب اسی علاقے پر اسرائیل کے شدید ترین فضائی حملے دیکھے گئے۔ اس دوران میں حسن نصر اللہ کی جاں نشینی کے مضبوط ترین امیدوار ہاشم صفی الدین کی زندگی کے حوالے سے ابہام پایا جا رہا ہے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے لبنان کی جانب سے داغے جانے والے 20 میزائلوں میں سے زیادہ تر کو فضا میں تباہ کر دیا جب کہ بقیہ میزائل کھلے میدانوں میں گرے۔ حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس نے اسرائیل میں حیفا کے شمال کی سمت میزائلوں کی بوچھار کر دی۔اسی اثنا ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقجی آج جمعے کے روز ایرانی طیارے کے ذریعے لبنان کے دار الحکومت بیروت پہنچے۔ ان کے دورے کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں البتہ العربیہ اور الحدث کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ عراقجی کی لبنانی فوج کے سربراہ سے سرکاری ملاقات طے نہیں ہے۔اسرائیلی طیاروں نے جمعرات کی شب سے لے کر جمعے کو علی الصبح تک بیروت کے جنوبی نواحی علاقے الضاحیہ پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ یہ گذشتہ جمعے کے روز حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی ہلاکت کے بعد اب تک کی شدید ترین بم باری تھی۔العربیہ اور الحدث کے ذرائع کے مطابق اس حملے میں حزب اللہ کے سینئر رہ نما ہاشم صفی الدین کو نشانہ بنایا گیا جو حسن نصر اللہ کے بعد تنظیم کی قیادت سنبھالنے کے حوالے سے مضبوط ترین امیدوار ہے۔ تاہم ذرائع نے اسرائیلی حملوں میں صفی الدین کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی ہے۔لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی نے بتایا کہ گذشتہ رات ہونے والے بم باری میں دھماکوں کی آوازیں ان حملوں سے زیادہ شدید تھیں جن میں گذشتہ جمعے کو حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی قیام گاہ عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔مذکورہ علاقے میں حملوں کے نتیجے میں متعدد عمارتیں اور تنصیبات تباہ ہو گئیں جن میں کھیلوں کا میدان، پولیس اسٹیشن، بلدیہ کا دفتر اور بیضون سپر مارکیٹ شامل ہے۔حملوں سے قبل اسرائیلی فوج نے الضاحیہ کے بعض محلوں کی آبادی سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اپنے علاقوں سے نکل جائیں۔ادھر اسرائیلی فوج کے چیف آف اسٹاف ہرتزی ہیلفی کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے حزب اللہ پر کاری ضربوں کا سلسلہ جاری ہے گا اور تنظیم کو مستقبل میں ان جگہوں پر پاؤں جمانے نہیں دیے جائیں گے۔
لبنانی سرکاری میڈیا نے جمعرات کی رات کو اطلاع دی کہ اسرائیلی حملوں کے ایک سلسلے میں بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ الضاحیہ کے علاقے میں شدید بمباری کی گئی۔قومی میڈیا ایجنسی نے بتایا کہ اسرائیلی حملوں کی ایک سیریز نے جنوبی مضافاتی علاقوں کو نشانہ بنایا۔ پارٹی کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ مسلسل گیارہ حملے کیے گئے۔ ایک بڑے حملے کی وجہ سے علاقے میں عمارتیں ہل گئیں۔ عینی شاہدین نے بتایا کے بیروت اور اس کے اطراف کے علاقے دھماکوں سے گونجتے رہے۔جمعرات کے روز اسرائیلی فضائیہ نے لبنانی کے دارالحکومت بیروت میں “حزب اللہ” کے 15 اہداف پر حملے کیے۔ لبنانی حزب اللہ کے قریبی ذرائع کے مطابق ان میں سے ایک میں اسرائیلی حملے میں بیروت ہوائی اڈے کے ایک ڈپو کو نشانہ بنایا گیا۔ حزب اللہ نے اعلان کیا کہ جمعرات کو جھڑپوں کے دوران 17 اسرائیلی افسران اور فوجیوں کو ہلاک کردیا گیا۔ حزب اللہ نے کفر کلا قصبے میں واقع فاطمہ بارڈر کراسنگ کے قریب لبنانی علاقوں میں دراندازی کی کوشش کو پسپا کر دیا۔ اسرائیلی آرمی پریس آفس نے اپنی طرف سے اعلان کیا کہ جنوبی لبنان میں زمینی کارروائی کے ابتدائی دنوں میں اس کی افواج کو نقصان اٹھانا جاری ہے ۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.