ہر دن یہودی نیویارکرز کی حفاظت کے لیے کام کروں گا
نیویارک، 15 دسمبر (یو این آئی) نیویارک کے نو منتخب میئر زہران ممدانی نے سڈنی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردانہ کارروائی انتہائی مکروہ عمل ہے اور جب میں میئر بنوں گا تو ہر دن یہودی نیویارکرز کی حفاظت کے لیے کام کروں گا۔ایکس پر اپنے پیغام میں زہران ممدانی نے کہا آج سڈنی میں حنوکہ کی تقریب کے دوران ہونے والاحملہ یہود دشمن دہشت گردی کی ایک نہایت گھناؤنی کارروائی تھی، میں اُن افراد کے لیے سوگوار ہوں جو اس میں قتل کیے گئے۔میئر نیویارک نے لکھا اگرچہ ہم ابھی تمام حقائق سامنے آنے کے منتظر ہیں، مگر جو کچھ اب تک معلوم ہو چکا ہے وہ دل دہلا دینے والا ہے، ہلاک ہونے والوں میں ربی ایلی شلانگر بھی شامل ہیں جن کے کراؤن ہائٹس سے گہرے تعلقات تھے، روشنیوں کا تہوار انتہائی دردناک طور پر اندھیرے کے دن میں بدل گیا۔انھوں نے کہا یہ حملہ دنیا بھر میں یہودیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد کے ایک مسلسل اور خوفناک سلسلے کی تازہ ترین مثال ہے، بہت سے لوگ اب خود کو محفوظ محسوس نہیں کرتے، نہ اپنی شناخت کے ساتھ جینے میں، نہ کھلے عام اپنے ایمان کے اظہار میں اور نہ ہی بغیر مسلح سیکیورٹی کے اپنی عبادت گاہوں میں عبادت کرنے میں۔زہران نے کہا جب میں میئر بنوں گا تو ہر دن یہودی نیویارکرز کی حفاظت کے لیے کام کروں گا، یہ مقصد ہر نیویارکر کا مشترکہ مقصد ہونا چاہیے اور ہمیں اس ہول ناک تشدد کو ماضی کا حصہ بنا دینا چاہیے۔
