ہومInternationalامریکہ کی شام میں اپنے شہریوں کو وارننگ، ایرانی حملوں کا خدشہ

امریکہ کی شام میں اپنے شہریوں کو وارننگ، ایرانی حملوں کا خدشہ

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

دمشق 29 مارچ (ایجنسی)دمشق سے ایک تشویشناک انتباہ سامنے آیا ہے، جہاں امریکی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو ممکنہ ایرانی خطرات سے خبردار کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق دارالحکومت کے شہری مقامات، خصوصاً وہ ہوٹل جہاں غیر ملکی قیام کرتے ہیں، ممکنہ طور پر نشانہ بن سکتے ہیں، جس کے باعث فضا میں بے چینی اور خدشات بڑھ گئے ہیں۔امریکی سفارت خانے نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران اس سے قبل بھی خطے میں شہری مقامات کو نشانہ بنا چکا ہے۔بیان میں مزید بتایا گیا کہ سفارت خانے کو علم ہے کہ بعض اداروں نے اپنے عملے کو ہوٹلوں سے منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔سفارت خانے نے امریکی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر پناہ لیں، اپنی ضروریات کا بندوبست کریں اور ایسے انخلا کے منصوبے تیار رکھیں جو حکومتی مدد پر منحصر نہ ہوں۔یہ انتباہ اس وقت سامنے آیا، جب ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ادارے “فارس” نے رپورٹ کیا کہ ایرانی سکیورٹی ذرائع نے دمشق میں اہم مقامات کو غیر ملکی مشیروں اور ماہرین کے قیام کے مراکز کے طور پر استعمال ہوتے ہوئے دیکھا ہے۔ایرانی خبر رساں ایجنسی نے اپنے ٹیلیگرام چینل کے ذریعے دعویٰ کیا کہ دمشق میں فورسیزنز اور شیراٹن ہوٹل کے ساتھ ساتھ صدارتی محل کو ایسے مقامات کے طور پر نشان زد کیا گیا ہے، جہاں غیر ملکی مشیر اور ماہرین قیام پذیر ہیں اور انہیں اکٹھا کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق ایران نے دمشق کے ہوٹل مالکان کو سخت وارننگ جاری کی ہے کہ اگر وہ غیر ملکی فوجی اہلکاروں کو ٹھہراتے رہے تو ایسے مقامات کو ممکنہ طور پر جائز ہدف سمجھا جا سکتا ہے۔اس انتباہ کا دائرہ کار شام سے باہر بھی پھیلایا گیا ہے، جس میں بیروت کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ اور جبوتی کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ بھی شامل ہیں۔یاد رہے کہ اب تک شام نے خود کو اس پھیلتے ہوئے علاقائی تنازع سے بڑی حد تک دور رکھا ہے، جو لبنان، عراق اور یمن تک پھیل چکا ہے۔ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان جاری جنگ کو ایک ماہ گزرنے کے ساتھ ہی دمشق اور اس کے نواحی علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دیتی رہی ہیں، جن کے بارے میں شامی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اسرائیل کی جانب سے ایرانی میزائلوں کو فضا میں ہی روکنے کی کارروائیوں کا نتیجہ ہیں۔دمشق کا فورسیزنز ہوٹل جو شہر کے وسط میں واقع ہے، عرب اور مغربی ممالک کے سفارتی مشنز اور وفود کی میزبانی کرتا ہے اور ایک اہم مقام سمجھا جاتا ہے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.