ہومInternationalامریکی سینٹکام کی پاسدارانِ انقلاب کو سمندری حدود میں ذمہ دارانہ طرزِ...

امریکی سینٹکام کی پاسدارانِ انقلاب کو سمندری حدود میں ذمہ دارانہ طرزِ عمل کی ہدایت

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

ریاض،31جنوری(ہ س)۔امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے ایران کی سپاہِ پاسدارانِ انقلاب پر زور دیا ہے کہ وہ سمندر میں اشتعال انگیز رویے سے گریز کرے۔ یہ مطالبہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں دو روزہ بحری مشقوں کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔سینٹکام نے جمعہ کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ اعلان کردہ بحری مشقیں پیشہ ورانہ اور محفوظ طریقے سے انجام دی جانی چاہئیں اور بین الاقوامی جہاز رانی کی آزادی کو خطرے میں ڈالنے سے گریز کیا جائے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکی افواج بین الاقوامی فضائی حدود اور پانیوں میں کام کرنے کے ایرانی حق کو تسلیم کرتی ہیں تاہم امریکی فوجی جہازوں کے اوپر پرواز کرنے، ان کے قریب کشتیاں لانے یا امریکی افواج کی جانب ہتھیاروں کا رخ کرنے جیسے اقدامات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔یاد رہے کہ ایرانی ٹیلی ویڑن نے گذشتہ جمعرات کو خبر دی تھی کہ پاسدارانِ انقلاب یکم اور دو فروری سنہ 2026 دو فروری کو آبنائے ہرمز میں براہِ راست گولہ باری کی مشقیں کر رہے ہیں۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں اس یقین کا اظہار کیا تھا کہ ایران فوجی حملے سے بچنے کے لیے معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ وہ حملے سے بچنے کے لیے ایک معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے ایران کو کوئی مخصوص مہلت دی ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ ہاں میں نے ایسا کیا ہے اور صرف تہران ہی اس مہلت کے بارے میں جانتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ کوئی معاہدہ ہو جائے گا اگر ایسا ہوا تو یہ بہت بہتر ہوگا اور اگر نہ ہوا تو ہم دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے۔دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واشنگٹن کے ساتھ جوہری مذاکرات کی بحالی کے لیے آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ مذاکرات برابری کی بنیاد پر اور منصفانہ ہوں تو ہم تیار ہیں، تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کی میزائل اور دفاعی صلاحیتوں پر کوئی سمجھوتہ یا مذاکرات نہیں ہوں گے۔واضح رہے کہ گذشتہ ہفتوں کے دوران امریکی صدر کی جانب سے ایران پر حملے کی دھمکیوں میں شدت آئی ہے اور امریکہ نے مشرقِ وسطیٰ میں طیارہ بردار بحری جہاز ابراہام لنکن بھیج کر اپنی عسکری موجودگی میں اضافہ کر دیا ہے۔ تہران نے بھی جوابی انتباہ جاری کرتے ہوئے کسی بھی امریکی کارروائی کی صورت میں فوری اور بھرپور جواب دینے کی دھمکی دی ہے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version