ہومInternationalایران کے ساتھ جنگ طویل عرصہ تک چلے گی: اسرائیل کا اعلان

ایران کے ساتھ جنگ طویل عرصہ تک چلے گی: اسرائیل کا اعلان

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

تل ابیب،09مارچ(ہ س)۔اسرائیلی فوج کے چیف آف سٹاف ایال زامیر نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ ایران کے ساتھ معرکہ طویل عرصے تک جاری رہے گا۔ فوجی کارروائیوں کے نویں دن میں داخل ہونے پر انہوں نے اسے اپنی نسل کی جنگ قرار دے دیا۔ زامیر نے مزید کہا کہ یہ جنگ حساس اور فیصلہ کن ہے جو آنے والے کئی سالوں تک اسرائیل کے مستقبل اور سکیورٹی کا تعین کرے گی۔اسرائیلی چیف آف سٹاف نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو بتا رہا ہوں کہ مشرق وسطیٰ میں ایرانی شر پسند بازوؤں کے لیے کہیں بھی کوئی جگہ محفوظ نہیں ہے، نہ بیروت میں اور نہ ہی کہیں اور۔ اس بیان سے ان کا اشارہ لبنان میں حزب اللہ، عراقی دھڑوں اور یمن کے حوثیوں کی طرف تھا۔ شمالی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حزب اللہ ایرانی آکٹوپس کا ایک انتہا پسند بازو ہے اور وہ اس کی بھاری قیمت چکا رہا ہے اور آئندہ بھی چکاتا رہے گا۔ اسرائیلی چیف آف سٹاف نے اس تناظر میں کہا کہ اسرائیلی افواج نے گزشتہ رات بیروت میں پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس سے وابستہ ایرانی دستوں کے خلاف کارروائی کی اور انہیں نشانہ بنایا۔ اسی دوران اسرائیلی فوج نے لبنان میں قدس فورس کے 5 ارکان کے جاں بحق ہونے کا بھی اعلان کیا ہے۔ یہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے جب اسرائیلی فوج نے اتوار کو اعلان کیا کہ اس نے ایرانی دارالحکومت اور ملک کے دیگر مقامات پر بنیادی ڈھانچوں پر حملے شروع کر دیے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے مزید بتایا کہ اس نے تہران میں پاسدارانِ انقلاب کی ایرو سپیس فورس کے ہیڈ کوارٹر پر بمباری کی ہے۔صہیونی فوج نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ اس نے ایرو سپیس فورس کے اس ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے جسے ایرانی خلائی ایجنسی کے ریسرچ، براڈکاسٹنگ اور استقبالیہ مرکز کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا اور جو فوجی نظام سے وابستہ تھا۔ اسی دوران ڈرون کے گھسنے کے شبے میں شمالی اسرائیل میں سائرن بجنے کا بھی بتایا گیا۔ دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نے حملوں کی نئی لہر شروع کرنے کا اعلان کیا۔ ’’ العربیہ/ الحدث ‘‘ کے نامہ نگار نے کہا کہ تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس کی طرف دو بیلسٹک میزائل داغے گئے جس کے نتیجے میں خطرے کے سائرن بج اٹھے۔ واضح رہے اسرائیل اور امریکہ کے ایک طرف اور ایران کے دوسری طرف جنگ چھڑنے کے بعد سے حزب اللہ نے ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی ہلاکت کا انتقام لینے کے لیے متحرک ہونا شروع کر دیا ہے۔ لبنانی حکومت نے حزب اللہ کی فوجی سرگرمیوں پر پابندی کا فیصلہ کر رکھا ہے تاہم اس کے باوجود حزب اللہ نے کارروائیاں کرنے کا کہ رکھا ہے۔ دوسری طرف عراق میں بھی کئی مسلح دھڑے الرٹ ہو گئے ہیں اور انہوں نے ملک میں امریکی ٹھکانوں کی طرف میزائل اور ڈرون داغے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے اندر حملے اس وقت تک نہیں روکیں گے جب تک تہران غیر مشروط طور پر ہتھیار ڈالنے کا اعلان نہیں کر دیتا۔ اسی طرح اسرائیلی فوج کے تخمینوں کے مطابق اہداف کے حصول کے لیے جنگ مزید کئی ہفتوں تک طویل ہو سکتی ہے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.