دبئی، 30 نومبر (یو این آئی) متحدہ عرب امارات (یو اے ای)نے دمشق کے مضافات میں اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت کی ہے اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شام کی سرزمین پر بار بار ہونے والے حملوں کو روکے۔ اس کی جانکاری یو اے ای کی وزارت خارجہ نے دی۔جمعہ کو ملک شام کے ٹی وی چینل نے اطلاع دی کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے دمشق سے 50 کلومیٹر (31 میل) کے فاصلے پر واقع گاؤں بیت جن پر حملے شروع کر دیے ہیں جس سے شہریوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کا ایک گروپ اس علاقے میں کارروائی میں مصروف تھا کہ مقامی لوگوں نے ان فوجیوں پر گھات لگا کر حملے کردیے جس کے بعد یہ حملے کیے گئے۔وزارت نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا، ’’متحدہ عرب امارات نے شامی سرزمین پر خطرناک اسرائیلی کشیدگی اور دمشق گورنریٹ کے دیہاتوں کو نشانہ بناکر کیے گئے حملوں کی سخت مذمت کی ہے اور شام کی خودمختاری کی کسی بھی خلاف ورزی اور اس کی سلامتی اور استحکام کے تعلق سے کسی بھی کارروائی کو مسترد کرنے کے اپنے اصولی موقف کی دوبارہ تصدیق کی ہے۔‘‘وزارت نے بین الاقوامی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ شامی سرزمین پر بار بار ہونے والے حملوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے اور کسی بھی ایسی کشیدگی کو روکے جس سے علاقے میں تناؤ بڑھ سکتا ہے اور جو علاقائی و بین الاقوامی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔ دسمبر 2024 میں، ملک شام میں سیاسی تبدیلی کے بعد، اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو نے اعلان کیا تھا کہ گولان کی پہاڑیوں سے متعلق شام کے ساتھ 1974 کا اپنی اپنی فوجیں پیچھے ہٹانے کا معاہدہ باقی نہیں رہا، کیونکہ شامی افواج نے اپنی پوزیشنیں چھوڑ دی تھیں۔
متحدہ عرب امارات نےدمشق کے مضافات میں اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت کی
مقالات ذات صلة
