ہومInternationalغزہ کی تکلیفوں میں اضافہ ہو گیا

غزہ کی تکلیفوں میں اضافہ ہو گیا

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

غزہ، 13 دسمبر (یو این آئی) اسرائیلی بمباریوں کے بعد اب طوفانی بارشوں اور سخت سردی نے غزہ کی پٹی کو اپنی زدمیں لے لیا ہے، جس سے 12 افراد جاں بحق اور 27 ہزار خیمے ڈوب گئے ہیں۔غزہ کی پٹی میں گزشتہ دنوں ہونے والی موسلا دھار بارشوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 12 ہو گئی ہے، فلسطینی ذرائع کے مطابق مرنے والوں میں بچے بھی شامل ہیں، اس دوران کم از کم 13 گھر منہدم ہوچکے ہیں۔شدید بارشوں اور طوفانی سیلابی ریلوں نے ستائیس ہزار سے زیادہ بے گھر افراد کے خیمے پانی میں ڈبو دیے، اکھاڑ دیے یا بہا لے گئے،فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق بیت لاہیا کے علاقے بئر النعجہ میں ایک مکان گرنے سے 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے، جمعرات کو الشاطی کیمپ میں دیوار گرنے سے ایک شہری کی موت واقع ہوئی۔جمعہ کی صبح غزہ کے مغربی علاقے الرمال میں بے گھر افراد کے خیموں پر ایک بڑی دیوار گرنے سے 2 شہری اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ دوسری طرف شدید سردی کے باعث ایک بچی، جب کہ الشاطی کیمپ میں ایک شیر خوار جاں بحق ہو گیا۔غزہ کے علاقے العمادی میں ابو جبل کیمپ کے اندر خیمہ گرنے سے دو بچے زخمی ہوئے، غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر خان یونس کے علاقے المواصی میں گزشتہ روز سخت سردی سے ایک شیر خوار بچی کی موت ہو گئی۔طوفانی بارشوں کے باعث المواصی کیمپ میں پوری کی پوری خیمہ بستیاں پانی میں ڈوب گئیں، دیر البلح کے علاقے البصہ اور البرہ، النصيرات میں مرکزی بازار اور غزہ شہر میں اليرموک اور الميناء کے علاقوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی برائے فلسطینی مہاجرین انروا نے جمعرات کے روز خبردار کیا کہ موسلا دھار بارشوں اور خیموں کے بھیگنے سے پہلے ہی بگڑی ہوئی صحت و صفائی کی صورت حال مزید خراب ہو رہی ہے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version