تین حملہ آور ہلاک، پولیس اہلکار زخمی
استنبول، 7 اپریل (یواین آئی) ترکی کے شہر استنبول میں اسرائیلی قونصل خانے کے قریب فائرنگ کے واقعے میں تین مشتبہ افراد ہلاک جبکہ دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ترک میڈیا کے مطابق قونصل خانے کے قریب اچانک فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد سیکیورٹی فورسز فوری طور پر حرکت میں آئیں اور مشتبہ افراد کے ساتھ مقابلہ ہوا۔پولیس حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں تینوں مشتبہ افراد ہلاک ہو گئے جبکہ دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو مکمل طور پر سیل کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو ختم کیا جا سکے۔حکام کے مطابق حملہ آوروں کی شناخت اور ان کے محرکات کے بارے میں ابھی تک کوئی حتمی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں، جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔فائرنگ کے اس واقعے کے بعد شہر میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب خطے میں سیکیورٹی خدشات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
