بنگلہ دیش میں اقلیتوں پر حملوں کی مذمت کی
ڈھاکہ۔ 29؍ نومبر۔ ایم این این۔ بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ نے اسکون کے پجاری چنموئے کرشنا داس کی گرفتاری کی مذمت کی اور اقلیتوں اور ان کی عبادت گاہوں کے خلاف حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے محمد یونس کی زیر قیادت موجودہ عبوری حکومت پر اپنی پارٹی عوامی لیگ کے رہنماؤں کو ہراساں کرنے کا الزام لگایا اور چٹاگانگ میں ایک وکیل کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا۔ چنموئے کرشنا داس کی گرفتاری نے غم و غصے کو جنم دیا ہے، بہت سے لوگ ان کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں، جبکہ بنگلہ دیش میں اسکون پر پابندی لگانے کے لیے ایک پٹیشن دائر کی گئی ہے، جس میں اسے ایک بنیاد پرست تنظیم قرار دیا گیا ہے۔ شیخ حسینہ نے عام لوگوں پر ظلم و ستم کی مذمت کرتے ہوئے اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں ناکامیوں پر عبوری حکومت پر تنقید کی۔
