واشنگٹن، 5 اپریل (یواین آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طبیعت سے متعلق افواہوں نے اس وقت زور پکڑ لیا جب ان کی طے شدہ عوامی مصروفیات اچانک منسوخ کر دی گئیں، تاہم وائٹ ہاؤس نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا کہ صدر کو والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر منتقل کیے جانے کی اطلاعات درست نہیں ہیں۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ 79 سالہ صدر کی صحت خراب ہے، تاہم حکام کے مطابق صدر اپنی ذمہ داریاں معمول کے مطابق انجام دے رہے ہیں اور ان کی صحت سے متعلق خدشات کی کوئی حقیقت نہیں۔یہ قیاس آرائیاں اس وقت بڑھیں جب وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا کہ صدر دن بھر مزید کوئی عوامی سرگرمی انجام نہیں دیں گے، جو ایک غیر معمولی پیش رفت سمجھی گئی، کیونکہ وہ عام طور پر ویک اینڈ پر مار اے لاگو میں وقت گزارتے ہیں۔وائٹ ہاؤس حکام کا کہنا ہے کہ صدر کی صحت کے حوالے سے پھیلنے والی اطلاعات درست نہیں، اگرچہ ماضی میں بھی ان کی طبیعت زیر بحث رہی ہے۔ 2025ء میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ وہ دائمی وینس انسفیشنسی جیسے عارضے کا شکار ہیں، جو عمر رسیدہ افراد میں عام پایا جاتا ہے۔مزید یہ کہ صدر کے ہاتھ پر نظر آنے والے پیچز کے حوالے سے بھی وضاحت کی گئی ہے کہ یہ کسی بیماری کی علامت نہیں بلکہ مسلسل مصافحے کے باعث بننے والے نشانات کو چھپانے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔
ٹرمپ کی صحت سے متعلق افواہیں، وائٹ ہاؤس کی سختی سے تردید
مقالات ذات صلة
