اسرائیل پر ایرانی میزائلوں کی بارش،گاڑیاں تباہ، 2 افراد ہلاک
تہران، 18 مارچ (یو این آئی) علی لاریجانی کی شہادت کے بعد ایران نے اسرائیل پر میزائلوں کی بارش کردی جس کے نتیجے میں تل ابیب میں متعددگاڑیاں تباہ جبکہ 2 افراد ہلاک ہوگئے۔ایرانی پاسداران انقلاب نے ایک بیان میں واضح کیا کہ آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت اسرائیل کے خلاف حملوں کی 61 ویں لہر کا آغاز کردیا۔بیان کےمطابق اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب پر خرمشہر 4، قدر، عماد اور خیبرشکن میزائل داغے اور 100 سے زائد فوجی اور سکیورٹی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ادھر ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق سکیورٹی چیف علی لاریجانی کے قتل کے جواب میں ایران نےتل ابیب کوکلسٹروارہیڈزوالے میزائلوں سے نشانہ بنایا۔خبر رساں ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ تل ابیب پر ایرانی حملوں میں متعددگاڑیاں تباہ ہوگئیں جبکہ کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی، عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، حملوں میں 2 افراد ہلاک ہوگئے۔یاد رہے کہ ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی امریکہ اور اسرائیل کے حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق امریکا اور اسرائیل کے حملے میں علی لاریجانی کے بیٹے مرتضیٰ بھی شہید ہوگئے۔ایرانی میڈیا کے مطابق علی لاریجانی کومشرقی تہران میں نشانہ بنایاگیا جہاں وہ اپنی بیٹی سے ملنے گئے ہوئے تھے۔
