ہندوستان اور ایتھوپیا کو مشترکہ طور پر ترقی پذیر ممالک کی آواز اٹھانی چاہئے:مودی
عدیس ابابا، 17 دسمبر (یو این آئی) ہندوستان اور ایتھوپیا کو قدیم علم اور جدید امنگوں کا سنگم قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر ترقی پذیر ممالک کی آواز کو بلند کرنے کے لیے دونوں ملکوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔مسٹر مودی نے ایتھوپیا کے اپنے دو روزہ دورے کے آخری دن بدھ کو یہاں ایتھوپیا کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔ پارلیمنٹ سے خطاب کرنے کے موقع کو اعزاز کے طور پر بتاتے ہوئے مسٹر مودی نے جو ایتھوپیا کے اپنے پہلے دوطرفہ دورے پر ہیں، کہا، جمہوریت کے اس مندر کے ذریعے وہ ایتھوپیا کے عام شہریوں، کسانوں، صنعت کاروں، قابل فخر خواتین اور نوجوانوں سے بات چیت کررہے ہیں جو ملک کے مستقبل کو تشکیل دے رہے ہیں۔وزیراعظم نے انہیں ایتھوپیا کا عظیم اعزاز، ایتھوپیا کا سب سے بڑا اعزاز عطا کرنے پر ایتھوپیا کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس بات پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا کہ اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان قدیم تعلقات کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ کا درجہ حاصل ہوا ہے۔ہندوستان اور ایتھوپیا کے درمیان تہذیبی تعلقات کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک قدیم حکمت اور جدید خواہشات کا سنگم ہیں۔ اس تناظر میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا قومی نغمہ “وندے ماترم” اور ایتھوپیا کا قومی ترانہ دونوں اپنی سرزمین کو ماں کہہ کر مخاطب کرتے ہیں۔ دونوں ممالک کی مشترکہ جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے ہندوستانی فوجیوں کے تعاون پر زور دیا جنہوں نے 1941 میں ایتھوپیا کی آزادی کے لیے ایتھوپیا کے شہریوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر لڑا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کے لوگوں کی قربانیوں کی علامت اڈو وکٹری یادگار پر خراج عقیدت پیش کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔وزیر اعظم نے ہندوستان-ایتھوپیا شراکت داری کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کے ہندوستان کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایتھوپیا کی ترقی اور خوشحالی میں ہندوستانی اساتذہ اور ہندوستانی کاروباری اداروں کے تعاون کو یاد کیا۔ انہوں نے ہندوستان کے ترقیاتی تجربات بشمول ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر، فوڈ پروسیسنگ اور اختراعات کا اشتراک کیا اور ایتھوپیا کی ترجیحات کے مطابق ترقیاتی تعاون جاری رکھنے کے لئے ہندوستان کی تیاری کا اظہار کیا۔ انسانیت کی خدمت کرنے کے ہندوستان کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے، جس کی جڑیں “واسودیوا کٹمبکم” (دنیا ایک خاندان ہے) کے اصول پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ وبائی مرض کے دوران ایتھوپیا کو ویکسین فراہم کرنا ہندوستان کے لیے فخر کی بات ہے۔وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ “گلوبل ساؤتھ” کے ممالک کے طور پر ہندوستان اور ایتھوپیا کو ترقی پذیر ممالک کی آواز کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ایک ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ انہوں نے عالمی دہشت گردی کے خلاف جنگ کو مضبوط بنانے میں ایتھوپیا کی یکجہتی پر اظہار تشکر کیا۔انہوں نے افریقی یونین کے ہیڈ کوارٹر کے طور پر عدیس ابابا کے اہم کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے افریقی اتحاد کے خواب کو تعبیر ملے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کو جی 20 کی صدارت کے دوران افریقی یونین کا مستقل رکن کے طور پر خیرمقدم کرنا اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ان کی حکومت کے 11 سالوں کے دوران ہندوستان اور افریقہ کے تعلقات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے اور دونوں فریقوں کے درمیان سربراہان مملکت اور حکومت کی سطح پر 100 سے زیادہ دورے ہوئے ہیں۔ انہوں نے افریقہ کی ترقی کے تئیں ہندوستان کی گہری وابستگی کا ذکر کیا اور جوہانسبرگ جی20 سمٹ میں “افریقہ اسکلز ملٹی پلیئر انیشیٹو” شروع کرنے کی اپنی تجویز پر زور دیا، جو پورے براعظم میں 10 لاکھ ٹرینرز کو تربیت دے گا۔
وزیر اعظم نریندر مودی کو ان کے ایتھوپیا کے ہم منصب ابی احمد علی نے منگل کو ایتھوپیا کے اعلیٰ ترین اعزاز ‘ ایتھوپیا کے عظیم اعزاز نشان،سے نوازا۔منگل کو ادیس انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران وزیر اعظم مودی کو یہ ایوارڈ دیا گیا۔وزارت خارجہ نے نئی دہلی میں ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم مودی کو ہندوستان-ایتھوپیا شراکت داری کو مضبوط بنانے میں ان کی غیر معمولی شراکت اور ایک عالمی سیاست دان کے طور پر ان کی دور اندیش قیادت کے لئے ایوارڈ سے نوازا گیا۔وزیر اعظم مودی یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے عالمی سربراہ مملکت؍ سربراہ حکومت ہیں۔ وزیراعظممودی نے ایکس پر پوسٹ کیا، ’’مجھے ایتھوپیا کے عظیم اعزاز نشان سے نوازا جانے پر فخر ہے۔ میں اسے ہندوستان کے 140 کروڑ لوگوں کے نام وقف کرتا ہوں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں سے ایک سے ایوارڈ قبول کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے، اور انھوں نے عاجزی اور شکرگزاری کے گہرے احساس کے ساتھ ایسا کیا۔میں اپنے دوست وزیر اعظم ابی احمد علی کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، پچھلے مہینے جب ہم جنوبی افریقہ میں جی 20 سربراہی اجلاس کے دوران ملے تھے، تو آپ نے مجھے ایتھوپیا کا دورہ کرنے کی تلقین کی تھی۔ میں اپنے دوست، اپنے بھائی کی طرف سے اس دعوت کو کیسے ٹھکرا سکتا تھا؟ اس لیے، پہلے موقع پر، میں نے ایتھوپیا آنے کا فیصلہ کیا۔وزیر اعظم مودی نے بھی اس اعزاز کے لیے وزیر اعظم ابی اور ایتھوپیا کے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے وزیر اعظم ابی کی قیادت اور قومی اتحاد، پائیداری اور جامع ترقی کو فروغ دینے کے لیے ان کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔
